سرینگر//متحدہ جہادِ کونسل کے چیئرمین سید صلاح الدین احمد نے بھارتی یومِ جمہوریہ کے حوالے سے ایک بیان میں کہا کہ بھارت 1947 ء سے لے کر آج تک ریاست جموں و کشمیر پر غیر قانونی اور غیر اخلاقی طور پر قبضہ جمائے بیٹھا ہے اور اس ناجائز تسلط کے خلاف خالص آزادی کی عوامی تحریک کو اپنی فوجی طاقت کے بل بوتے پر ختم کرنے کیلئے وحشیانہ اور دہشت گردانہ ہتھکنڈے استعمال کررہاہے۔سید صلاح الدین احمد نے کہا کہ کشمیرمیں اس فقیدالمثال جد و جہد کومٹانے کے لئے ستر دہائیوں کے دوران بھارتی فوج کے ہاتھوںسوا پانچ لاکھ لوگوں کو شہیدکیا گیا،دسیوں ہزار عفت مآب مائوں ،بہنوں اور بیٹیوں کی عزتیں تار تار کی گئیں،کھربوں مالیت کی املاک آگ اور بارود لگا کر تباہ کیا گیا،ہزاروں کی تعداد میں جوانوں کو لاپتہ کر کے گمنام قبروں میں دفنایا گیااور ہزاروں کی تعداد میں لوگوں کو عقوبت خانوں کی زینت بنادیا گیا،ان سنگین حالات میں جہاں بھارت کے ہاتھ کشمیریوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں، بھارت کا یوم جمہوریہ منانا خود جمہوریت اور انسانیت کے ساتھ ایک بھونڈا مذا ق ہے۔انہوں نے قوم سے اپیل کی ہے کہ عالمی برادری اور عالمی اداروں کو اس گھمبیر صورتحال کی طرف متوجہ کرنے کے لئے 26 جنوری’’ یوم جمہوریہ بھارت‘‘ کو ’’یوم سیاہ‘‘کے طور پر منائیں گے اور جگہ جگہ بھارتی مظالم کے خلاف احتجاج کرکے بھارت کے جمہوری چہرے کو بے نقاب کریں۔
۔26جنوری کو یوم سیاہ کے طورمنائیں
