۔26جنوری پریڈ میں جھانکی

 گورنر کی فنکاروں کو مبارکباداور1لاکھ کانقد انعام عطا

نئی دلی//نئی دلی میں یوم جمہوریہ کی تقریب میں ریاست جموں وکشمیر کے کلچر کو اُجاگر کرنے والے دستے کو دوسری پوزیشن حاصل ہوئی ہے ۔ مرکزی وزیر دفاع نرملا سیتا رمن نے نئی دلی میں ایک تقریب میں یہ ایوارڈ عطا کئے ۔ریاستی جھانکی کو گاندھی جی کی اُمید کی کرن کی تھیم کے تحت گاندھی جی کو ایک چرخے سمیت ریاست کی گونا گوں ثقافت کی عکاسی کے لئے ایوارڈ دیا گیا ۔یہ ایوارڈ ریاستی کلچرل اکیڈیمی کے سیکرٹری ڈاکٹر عزیز حاجنی نے جھانکی کے ڈیزائنر ویر منشی ، جھانکی کے لیڈر نذیر لداخی اور ڈپٹی سیکرٹری کلچر کی موجودگی میں حاصل کیا۔ اس موقعہ پر مختلف ریاستوں کے کئی معززین بھی موجود تھے۔تفصیلات دیتے ہوئے ڈاکٹرحاجنی نے کہا کہ ریاستی دستے نے 17سال کے وقفے کے بعد یہ ایوارڈ حاصل کیا ہے۔اس جھانکی کوآرٹسٹ ویر منشی نے ڈیزائن کیا تھا۔اس موقعہ پر فنکاروں کوصدر ،نائب صدر ، وزیر اعظم اور وزیر دفاع سے بھی ملنے کا موقعہ ملا۔ریاست کے گورنر بھی آج نئی دلی میں اس جھانکی کے فنکاروں سے تبادلہ خیال کریں گے۔علاوہ ازیںگورنر ستیہ پال ملک نے یومِ جمہوریہ کی پریڈ میں شامل ریاست کی جھانکی کو دوسرا انعام ملنے پر اس کے فنکاروں کو مبارکباد دی ہے ۔ گورنر جو کہ نئی دہلی میں ہیں ، نے آج اس جھانکی کے فنکاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کی گوناں گوں تہذیب کی اپنی منفرد اہمیت ہے ۔ انہوں نے جھانکی بنانے والے فنکار ویر منشی کو بھی مبارکباد دی ۔ گورنر نے جھانکی کے شرکاءکے حق میں ایک لاکھ روپے نقد انعام کا اعلان کیا ۔ اس موقعہ پر پرنسپل ریذیڈنٹ کمشنر دھیرج گپتا ، سیکرٹری کلچرل اکیڈمی ڈاکٹر عزیز حاجنی ، ایڈیشنل ریذیڈنٹ کمشنر یشا مدگل اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے ۔