۔25ماہ بعد 30دنوں تک کوئی فوتیدگی نہیں

پرویز احمد
سرینگر //جموں و کشمیر میں عالمی وباء کے 25ماہ بعد 14مارچ سے وائرس سے کسی کی جان نہیں گئی ہے۔ اس سے قبل 13مارچ 2022کو جموں صوبے میں کورونا وائرس سے ایک شخص کی جان گئی تھی لیکن تب سے 13اپریل تک وائرس سے کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 4750بنی ہوئی ہے۔ بدھ کو کورونا وائرس کیلئے 22724ٹیسٹ کئے گئے جن میں ایک سفر کرنے والے سمیت 12افراد کی رپورٹیں مثبت آئیں۔ متاثرین کی مجموعی تعداد 4لاکھ 53ہزار 909تک پہنچ گئی ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے فراہم کئے گئے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ جموں و کشمیر میں 12افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جن میں 2کا تعلق جموں صوبے جبکہ 10کشمیر سے تعلق رکھتے ہیں۔ کشمیر صوبے کے بارہمولہ۔ پلوامہ، کپوارہ، اننت ناگ، بانڈی پورہ ، کولگام، شوپیان اور گاندربل میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے جبکہ دیگر 2اضلاع میں 10افراد کو مثبت قرار دیا گیا ہے۔ کشمیر صوبے کے 10متاثرین میں ضلع سرینگر میں8اور بڈگام میں 2متاثر ہوئے ہیں۔ کشمیر میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2لاکھ 87ہزار 633ہوگئی ہے۔ اس دوران وادی میں مسلسل 39ویں دن بھی کورونا وائرس سے کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 2423ہوگئی ہے۔ جموں صوبے کے 9اضلاع جن میں ادھمپور، راجوری، پونچھ، کٹھوعہ، سانبہ، کشتواڑ، رام بن ،ڈوڈہ، اور ریاسی میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے جبکہ ضلع جموں میں 2افراد کو مثبت قرار دیا گیا ہے۔ جموں ضلع میں مثبت قرار دئے گئے 2افراد میں ایک بیرون ریاستوں سے سفر کرکے واپس لوٹا جبکہ دیگر مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے متاثر ہوا ہے۔ جموں صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد 1لاکھ 66ہزار 276ہوگئی ہے۔ اس دوران جموں صوبے میں مسلسل 30ویں دن بھی کورونا وائرس سے کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 2327بنی ہوئی ہے۔