۔25روز بعد بھی چنگام مسلسل گھپ اندھیرے میں

کشتواڑ// ضلع کشتواڑ کی سب ڈویژن چھاترو کے علاقہ جات میں گزشتہ ماہ کی 21 تاریخ کو ہوئی برفباری کے سبب متعدد علاقہ جات میں بجلی کی سپلائی متاثر ہوئی تھی جسکے بعد اگرچہ چند علاقوں میں کئی روزبعد سپلائی بحال کی گئی لیکن چنگام کے ناید گام علاقہ میں 25روز گزرجانے کے بعد بھی بجلی کی سپلائی بحال نہ ہوسکی جسکے سبب علاقہ کی عوام کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ علاقہ میں متعدد مقامات پر بجلی کے کھمبے وترسیلی لاینیں زمین پر پڑی ہیں جنھیں ابھی تک ٹھیک نہیں کیاگیا۔ علاقہ میں کل تین وارڈ ہیں جو مسلسل گھپ اندھیرے میںہیں جبکہ انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔لوگوں نے الزام لگایا کہ علاقہ میں گوجر طبقہ کی آبادی زیادہ ہے جسکے سبب انتظامیہ توجہ نہیں مرکوز کررہی ہے اور لوگ متاثر ہورہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ ابھی تک انتظامیہ یا متعلقہ محکمہ کا کوئی افسر اس علاقے میں حالات کا جایزہ لینے نہیں آیا۔ لوگوں نے بتایا کہ بجلی کی عدم دستیابی کے سبب بچوں کی تعلیم متاثر ہورہی ہے اور انھیں اسکا خمیازہ بھگتنا پڑرہاہے۔ انھوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر سے اپیل کی کہ علاقہ میں بجلی کی سپلائی کو جلدازجلد بحال کیا جائے اور متعلقہ محکمہ کے ملازمین  کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جانی چاہئے۔