سرینگر //ریاستی سرکار نے25برس بعد میر واعظ عمر فاروق کی سیکورٹی میں تخفیف کردی ہے۔بدھ کو انکی سیکورٹی پر تعینات کئی اہلکاروں کو ہٹا لیا گیا۔ریاستی سرکار نے چند روز قب ڈی ایس پی ، جو کہ گزشتہ15برسوں سے میر واعظ کی حفاظت انجام دے رہے تھے ،کا تبادلہ خیال عمل لاکر اُنہیں ضلع شوپیان میں تعینات کیا ۔اسکے بعد انکی ذاتی حفاظت پر تعینات مزید کئی اہلکاروں کو ہٹا لیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے انکی حفاظت پر16اہلکار تعینات ہوا کرتے تھے لیکن اب ان میں کمی کر کے صرف 8اہلکاروں کو رکھا گیا ہے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ میر واعظ عمرفاروق ’زیڈ سیکورٹی ‘ میں تھے اور اُنہیں یہ سیکورٹی ریاستی سرکار کی جانب سے فراہم کی گئی تھی۔دودہائیوں قبل میر واعظ عمرفاروق کے والد میر واعظ مولوی محمد عمر فاروق کو نامعلوم بندوق برداروں نے گولی مار قتل کیا تھا ،جس کے بعد اُنکی جگہ اُنکے فر زند میر واعظ عمرفاروق کو مرحوم کا جانشین مقرر کیا گیا۔ سرکار نے اُنکی حفاظت کیلئے سیکورٹی اہلکار تعینات کئے تھے اور25برس بعد ان میں کمی کردی گئی ہے۔۔میر واعظ عمر فاروق کا کہنا ہے کہ میں نے نہ تو ماضی میں سیکورٹی مانگی اور نہ آج سرکاری سیکورٹی چاہتا ہوں ‘۔