سرینگر // جموں و کشمیر میں منگل کو تشخیصی ٹیسٹوں میں اضافہ کے ساتھ ہی متاثرین کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ پچھلے 24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے72ہزار 559 ٹیسٹ کئے گئے جن میں 91مسافروں سمیت مزید 2751افراد متاثر ہوئے ہیں۔ متاثرین کی مجموعی تعداد 4لاکھ 38ہزار 176ہوگئی ہے۔ اس دوران کورونا وائرس سے منگل کو مزید 9افراد کی جان گئی ہے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 4683ہوگئی ہے۔محکمہ صحت کی جانب سے جاری کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق جموں و کشمیر میں پچھلے 24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد 2751افراد متاثر پائے گئے ہیں جن میں 1105جموں جبکہ 1646افراد مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ کشمیر میں متاثر ہونے والے 1646افراد میں 11بیرون ریاستوں سے سفر کرکے کشمیر پہنچے جبکہ دیگر 1635افراد مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ کشمیر میں متاثر ہونے والے 1646افراد میں سرینگر میں 440، بارہمولہ میں 136، بڈگام میں 177، پلوامہ میں 45، کپوارہ میں405، اننت ناگ میں 108، بانڈی پورہ میں 30، گاندربل میں 59، کولگام میں 209 جبکہ شوپیان میں 37افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ کشمیر میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2لاکھ 79ہزار 593ہوگئی ہے۔ اس دوران وادی میں فوت ہونے والے 5متاثرین میںسرینگر میں 1، بارہمولہ میں 1شوپیان میں ایک جبکہ اننت ناگ میں 2افراد کی جان گئی ہے۔ وادی میں متوفین کی مجموعی تعداد 2لاکھ 79ہزار 593ہوگئی ہے۔ جموں صوبے میں کورونا وائرس سے مزید 1105افراد متاثر ہوئے ہیں جن میں 80بیرون ریاستوں سے سفر کرکے واپس لوٹے جبکہ 1025افراد مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ جموں صوبے کے1105افراد میں جموں میں سب سے زیادہ 561، ادھمپور میں 96، راجوری میں 21، ڈوڈہ میں 74، کٹھوعہ میں 44، سانبہ میں 86، کشتواڑ میں 11، پونچھ میں 31، رام بن میں 149 جبکہ ریاسی میں 32افراد کی رپورٹیں مثبت اائی ہیں۔ جموں صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد 1لاکھ 58ہزار 583ہوگئی ہے۔ جموں صوبے میں بھی اموات کا سلسلہ جاری ہے اور پچھلے 24گھنٹوں کے دوران جموں صوبے میں 4افراد فوت ہوگئے ہیں۔ مرنے والوں میں 3ضلع جموں جبکہایک ڈوڈہ میں فوت ہوا ہے۔ جموں صوبے میں متوفین کی مجموعی تعداد 2289ہوگئی ہے۔
سکمز میں آج اور جے وی سی میں جمعرات سے او پی ڈی بحال ہونگے
پرویز احمد
سرینگر // شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ میں بدھ جبکہ جے وی سی بمنہ میں جمعرات سے دوبارہ او پی ڈی خدمات بحال ہوںگی۔ ڈائریکٹر شیر کشمیر انسٹی ٹیوت آف میڈیکل سائنسز صورہ ڈاکٹر پرویز احمد کول نے منگل کو جاری کئے گئے ایک حکم نامہ میں لکھا ہے کہ مریضوں کے مفادات اور تیسری لہر کی شدت میں کمی کو مدنظر رکھتے ہوئے سکمز صورہ میں بدھ یعنی 2فروری سے او پی ڈی بحال ہوں گی۔ ادھر پرنسپل سکمز میڈیکل کالج پروفیسر عرفان ربانی نے اپنے ایک حکم نامہ میں 5شعبہ جات میں 3فروری یعنی جمعرات سے او پی ڈی بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پرنسپل سکمز میڈیکل کالج سرینگر کی جانب سے جاری کئے گئے حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ 14جنوری کو جے وی سی کو سرکار کی ہدایت پر اسپتال کو کویڈ اسپتال نامزد کیا گیا تھا لیکن اب 5شعبہ جات جن میںشعبہ امراض جلد، ای این ٹی،شعبہ امراض چشم، شعبہ دندان اور ذہنی امراض کے شعبہ میں معمول کا کام کاج جمعرات سے بحال ہوگا۔حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ 31جنوری کو ایڈیشنل چیف سیکریٹری ہیلتھ و طبی تعلیم کی ہدایت پر یہ حکم نامہ جاری کیا گیا ہے جس کا فیصلہ میٹنگ میں لیا گیا تھا۔ حکم نامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ میڈیکل سپر انٹنڈنٹ اور شعبہ جات کے سربراہان کو ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ کورونا مخالف قوائد و ضوابط پر سختی سے عمل کرتے ہوئے او پی ڈی کی سہولیات مریضوں کو دستیاب رکھیں۔