۔2,200کروڑ روپے کے کیرو ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کا ٹھیکہ مبینہ بدعنوانی کے سلسلے میں سی بی آئی کے 4شہروں میں 6مقامات پر چھاپے

 عظمیٰ نیوز سروس

نئی دہلی//جموں و کشمیر کے سابق گورنر ستیہ پال ملک کی جانب سے 2019 میں کشتواڑ میں کیرو ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کے لیے 2200 کروڑ روپے کے سول کام کا ٹھیکہ دینے میں مبینہ بدعنوانی کے سلسلے میں سی بی آئی کو تحقیقات کی ذمہ داری دینے کے سلسلے میں 4 شہروں میں 6 مقامات پر چھاپے مارے گئے۔

 

حکام نے ہفتہ کو بتایاکہ تلاشیاں آئی ٹی سلوشنز پرائیویٹ لمیٹڈ کے کنولجیت سنگھ دگل اور ڈی پی سنگھ کے احاطے شامل ہیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ آپریشن کے دوران کمپنی کے تین احاطے اور دہلی میں دگل اور شملہ، نوئیڈا اور چندی گڑھ میں ایک ایک کے احاطوںکی تلاشی لی گئی۔انہوں نے کہا کہ اس کیس میں تلاشی کا یہ چوتھا دور ہے جس میں سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) نے گزشتہ سال 21 اپریل اور 6 جولائی اور اس سال 17 مئی کو پہلے ہی اسی طرح کی کارروائیاں کی تھیں۔ستیہ پال ملک، جو 23 اگست 2018 سے 30 اکتوبر 2019 تک جموں و کشمیر کے گورنر تھے، نے الزام لگایا تھا کہ انہیں پروجیکٹ سے متعلق ایک فائل سمیت دو فائلوں کو کلیئر کرنے کے لیے 300 کروڑ روپے کی رشوت کی پیشکش کی گئی تھی۔سی بی آئی نے قبل ازیں کہا تھا کہ کیرو ہائیڈرو الیکٹرک پاور پروجیکٹ (ایچ ای پی)کے سول ورکس کے تقریباً 2,200 کروڑ روپے کے ٹھیکے کو سال 2019 میں ایک نجی کمپنی کو دینے میں بدعنوانی کے الزامات پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ ایجنسی نے چناب ویلی پاور پروجیکٹس پرائیویٹ لمیٹڈ کے سابق چیئرمین نوین کمار چودھری، سابق عہدیداروں ایم ایس بابو، ایم کے متل ، ارون کمار مشرا اور پٹیل انجینئرنگ لمیٹڈ کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ چودھری 1994 بیچ کے جموں و کشمیر کیڈر (اب AGMUT کیڈر) انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس (IAS) افسر ہیں۔ایف آئی آر نے الزام لگایا ہے”اگرچہ چناب ویلی پاور پراجیکٹس لمیٹڈکی 47ویں بورڈ میٹنگ میں جاری ٹینڈرنگ کے عمل کو منسوخ کرنے کے بعد ریورس نیلامی کے ساتھ ای-ٹینڈرنگ کے ذریعے دوبارہ ٹینڈر کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، لیکن اس پر عمل درآمد نہیں کیا گیا تھا۔ 48ویں بورڈ میٹنگ) اور ٹینڈر آخر کار پٹیل انجینئرنگ لمیٹڈ کو دیا گیا،” ۔