۔22سال کی معیادمکمل کرنیوالے غیر مؤثر کارگردی دکھانے والے ملازمین کی نشاندہی کے احکامات صادر

 سرینگر// جموں کشمیر حکومت نے  22سال کی ملازمت مکمل کرچکے اور48سال کی عمرکے سرکاری ملازمین کی کارکردگی کاجائزہ لینے کیلئے تازہ سرکیولر جاری کیا تاکہ غیر موثرکارکردگی دکھانے والے ملازمین کی نشاندہی کی جائے۔چیف سیکریٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتہ نے 15جولائی کوجاری سرکیولرمیں تمام محکموں کے انتظامی سیکریٹریوں سے کہاہے کہ وہ متعلقہ محکموں میں 22سال کی سروس مکمل کر کے 48سال عمر کے ایسے تمام ملازمین کی کارکردگی کاجائزہ لینے کے عمل میں تیزی لائیں،اوریہ دیکھیں کہ ایسے کون سے ملازمین کام کے اعتبارسے ناکارہ ہیں اورکام جاری رکھنے کے اہل نہیں ہیں ۔ گزشتہ برس اکتوبرکے مہینے میں حکومت ِنے جموں وکشمیرسیول سروس ضوابط کے دفعہ226(2)میں ترمیم کرتے ہوئے اسبات کی راہ ہموار کردی تھی کہ جن سرکار ی ملازمین کی کارکردگی تسلی بخش نہیں رہی ہوگی ،اورجن کی سروس کے22سال پورے ہوئے ہونگے اور عمر48سال ہوگی ،اُن کوملازمتوں سے قبل ازوقت سبکدوش کردیاجائے گا۔ مہتا نے اپنے جاری کردہ سرکیولرمیں انتظامی سیکریٹریوں سے کہاہے کہ وہ مذکورہ بالازمرے میں آنے والے تمام سرکاری ملازمین کی کارکردگی کاجائزہ لیکر ایسے ملازمین کی نشاندہی کریں جوکام کے اعتبارسے ناکارہ ہیں اورموجودہ عہدہ یاذمہ داری جاری رکھنے کے اہل نہیں ہیں۔چیف سیکریٹری نے انتظامی سیکریٹریوں سے کہاہے کہ وہ ذمہ داری جاری رکھنے کے حوالے سے نا اہل ملازمین کی نشاندہی کاکام مکمل کرکے ان کی لسٹ جائزہ کمیٹی کے سامنے پیش کریں تاکہ ان کی فہرستوں کومجاز اتھارٹی کے پاس ضروری غور کیلئے بھیجاجائے ۔