۔22جولائی کوانٹرنیشنل دعوۃ السنۃ کانفرنس، کاروان اسلامی نے انتظامات کو حتمی شکل دی

سرینگر//شیر کشمیر پارک میں 22جولائی کو منعقد ہونے والی انٹرنیشنل دعوۃ السنۃ کانفرنس کو حتمی شکل دینے کے سلسلہ میں کاروان اسلامی کے مرکزی دفتر شہید گنج سرینگر میں جنرل کونسل کا اجلاس زیر صدارت امیر کاروانِ اسلامی غلام رسول حامی منعقد ہوا ۔ اجلاس میں ایکزیگٹیو باڈی کے علاوہ تمام ضلع و تحصیل صدور نے شرکت کی ۔مولانا حامی نے صدارتی خطبے میں تمام ذمہ داران سے کہا کہ کا نفرنس کو خوش اسلوبی کے ساتھ منعقد کرنے کے لئے تمام تر صلاحیتوں کو بروے کار لایاجائے۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنسوں کا انعقاد انسانیت کی بقا اور احیاء کلمۃ اللہ کے لئے کیا جاتا ہے جس کی موجودہ دور میںاشد ضرورت محسوس کی جاتی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ عوام الناس کو اولیاء کاملین کے نقش قدم پر چلنے کی ترغیب اشاعت دین سے دی جاتی ہے جس میں مدارس اسلامیہ کے علاوہ سیمناروں، سیمپوزیموں اور کانفرنسوں کا ایک اہم رول رہتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں اخلاص کی بنیاد پر ڈوبی ہوئی انسانیت کی نائو کو کنارے لگانے کے لئے کاروانِ اسلامی ہمہ وقت ہر محاز پر فلاحی ، اصلاحی و تعلیمی پروگراموں میں مصروف عمل ہے وہیں پر تعلیمات اولیاء کو عام کرنے کے لئے کانفرنسوں اور سیمناروں کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے اور یہ اس خلوص کا ہی نتیجہ ہے ۔ ریاست کے علاوہ بیرونِ ریاست و ممالک میں اس وقت کاروانِ اسلامی کے یونٹ موجود ہے ۔ اجلاس میں تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی جس میں 20 کمیٹیوں پر مشتمل  1500 رضاکاروں کو ذمہ داریاں سونپی گئی ۔ واضح رہے کہ کانفرنس میں ریاست و بیرونِ ریاست کے علاوہ عالم اسلام کی جید روحانی و علمی شخصیات کی تشریف آوری متوقع ہے۔