۔2023-24کیلئے محکمہ وار بجٹ تصرف کاجائزہ اخراجات میں 102فیصد اضافہ

 کفایت شعاری پر عمل کریں،بروقت یوٹیلائزیشن سرٹیفکیٹ جمع کرائیں:لیفٹیننٹ گورنر

جموں// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے سول سیکرٹریٹ میں جموں کشمیر میں بجٹ کے اخراجات پر ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے مالی سال 2023-24 میں محکمہ وار پیش رفت کا جائزہ لیا اور عہدیداروں سے مرکزی معاونت اسکیموں اور کیپیکس کے تحت دستیاب فنڈز کے 100 فیصد استعمال پر زور دیا۔انہوں نے جائزہ میٹنگ میں کہا کہ یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ 2018-19 کے مقابلے میں 2023-24 میں کیپٹل( سرمایہ) کے اخراجات میں 102 فیصد اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا’’ ہم نے ایکسائز اور دیگر ٹیکس اور نان ٹیکس ریونیو میں متاثر کن اضافہ درج کیا ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ یہ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں ایک منظم مالیاتی احتیاطی نظام کے اشارے ہیں۔

 

لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ “جموں و کشمیر آج بلندیوں کو چھو رہا ہے کیونکہ بڑے پیمانے پر بنیادی ڈھانچے کی ترقی پر توجہ لوگوں کی امنگوں کو پورا کرنے اور آتم-نربھر جموں و کشمیر کی تعمیر پر مرکوز ہے”۔انہوں نے انتظامی سیکریٹریوں اور اعلی حکام سے کہا کہ وہ بروقت تصرف سرٹیفکیٹ جمع کرانے کو یقینی بنائیں۔ لیفٹیننٹ گورنر نے محکموں کو ہدایت کی کہ وہ محصولات کی وصولی کو مزید بہتر بنانے کے لیے تمام امکانات تلاش کریں اور اخراجات میں کمی کے لیے کفایت شعاری کے اقدامات پر عمل کرنے کے لیے انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔انہوں نے کہا کہ سیلف ہیلپ گروپس اورسمال سکیل میڈیم انٹر پرائززسے مصنوعات کی خریداری کے لیے تمام محکموں کے ذریعے ایک مربوط نظام بھی تیار کیا جانا چاہیے۔میٹنگ کے موقع پر، لیفٹیننٹ گورنر نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ، ریلیف، بحالی اور تعمیر نو کے محکمے اور پی ڈبلیو ڈی(آر اینڈ بی)کے انتظامی سیکرٹریوں اور سینئر حکام کو پی ایم پیکیج کے ملازمین کے لیے ٹرانزٹ رہائش پر پیش رفت کی قریب سے نگرانی کرنے کی ہدایت کی۔