۔2022تک سبھی کو گھر کا ہدف :عبدالحق خان

 راجوری//دیہی ترقی و پنچایتی راج کے وزیر عبدالحق خان اور خوراک ، شہری رسدات و امور صارفین اور اطلاعات کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے راجوری کے ڈاک بنگلے میں دیہی ترقی محکمہ کی طرف سے منعقدہ ایک تقریب کے دوران پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت 60مستحقین میں کل 6.97کروڑ روپے والے’سنکشن لیٹر‘ تقسیم کئے ۔سکیم کا مقصد غریب اور پسماندہ کنبوں کیلئے رہائشی مکان تعمیر کرنا ہے ۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے وزیرنے سکیم کے خدو خال بیان کئے اور کہا کہ سال2022تک تمام لوگوں کو رہائشی سہولیات فراہم کرنے کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے۔متعلقہ افسران کو سکیم کی عمل آوری میں شفافیت لانے پر زور دیتے ہوئے وزیر نے کہا کہ حکومت کا بنیادی مقصد مختلف سکیموں کے ذریعہ کمزور طبقوں کو مدد کرنا ہے ۔ انہوںنے بی ڈی اوز پر زور دیا کہ وہ لگاتار گرام سبھا کی میٹنگوں کا انعقاد کریں اور ہر پنچایت میں منتخب مستحقین کی فہرست مشتہر کریں تاکہ سکیم کا ناجائزفائدہ اٹھانے والوں کا قلع قمع ہو سکے۔محکمہ دیہی ترقی میں شفافیت لانے میں عبدالحق خان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے چودھری ذوالفقارعلی نے اس موقعہ پر کہا کہ محکمہ نے ضلع میں ترقیاتی کاموں کو ایک مشن کے تحت ہاتھ میں لیا ہے ۔انہوںنے کہاکہ ایکو پارکس، پل ، سکول عمارتیں ، سرحد پر بنکروں کی تعمیر و دیگر اہم پروجیکٹ محکمہ نے شروع کئے ہیں۔وائس چیئرمین سٹیٹ ایڈوائزری بورڈ کلدیپ راج گپتا ،ایم ایل اے راجوری ایڈوکیٹ قمر چودھری ، ڈی ڈی سی راجور ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری و دیگر افسران اس موقعہ پر موجود تھے۔بعد میں وزراء نے ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس کا دورہ کیا اور وہاں بار ممبران سے بات چیت کی۔عبدالحق خان نے بار ممبران کے مطالبات کے ردعمل میں ضلع انتظامیہ کو موقعہ پر ہدایت دئیے کہ وہ کورٹ کمپلیکس میں 12چیمبر وں اور سینیٹری کمپلیکس تعمیر کرنے کے اقدامات کریں۔