عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //کینسر مریضوں کو ہر ضلع پر طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے محکمہ صحت نے ہر ضلع اسپتال میں کیموتھراپی سہولیات شروع کرنے کا حکم نامہ جاری کردیا ہے۔ محکمہ صحت کے افسران کا کہنا ہے کہ سرکار نے یہ فیصلہ کینسر مریضوں کی بڑھتی تعداد کو دیکھتے ہوئے لیا ہے تاکہ انہیںہر جگہ طبی سہولیات فراہم ہوسکے۔ جموں و کشمیر حکومت کی صحت پالیسی کے پہلے مسودے میں ہر ضلع میں کیموتھراپی یونٹس کی سفارش کی گئی ہے جس میں علاقائی کینسر مراکز سے رجوع کیا گیا ہے۔یہ ڈرافٹ ہیلتھ پالیسی 2018میں ترتیب دی گئی تھی۔یہ تجویز ریاست میں کینسر کے بڑھتے ہوئے واقعات اور بنیادی صحت کی دیکھ بھال کی سطح پر مریضوں کی اسکریننگ میں ناکامی کی رپورٹوں کے بعد سامنے آئی ہے۔”صحت کی پالیسی میں میڈیکل سائنسزصورہ اور گورنمنٹ میڈیکل کالج اینڈ ہسپتال، جموں کے علاقائی کینسر سنٹر سے ریفرل لنکس کے ساتھ ہر ضلع ہسپتال میں ڈے کیئر کیموتھراپی یونٹس کی فراہمی کا تصور کیا گیا ہے۔” حکومت نے کپواڑہ، کشتواڑ اور ادھم پور کے لیے ایک ایک ٹریشری کینسر کیئر سنٹر کو منظوری دی ہے۔ اس نے کہا کہ SKIMS اور GMCH میں کینسر کے مراکز کو متعلقہ علاقوں میں پوری آبادی کو پورا کرنے کے لیے مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ پالیسی میں کہا گیا ہے کہ یہ مراکز ریاست میں ایسے دیگر مراکز کے ساتھ مل کر کینسر کی دیکھ بھال اور انتظام کو مضبوط بنائیں گے۔حکومت نے کہا کہ اس کا مقصددور دراز علاقوںسے مریضوں کو سرینگر اور جموںنہ آنا پڑے۔ حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ سرکار صحت کی مجموعی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے اور مریضوں کو علاج فراہم کرنے کیلئے صحت شعبہ کی پالیسی میں تبدیلی لا رہا ہے۔ ہر ضلع اسپتال میں خصوصی کیموتھرپی سینٹروں کے لئے تمام طبی سہولیات اور تربیت یافتہ عملہ دستیاب ہوگا۔ کینسر کا ابتدائی مرحلے میں علاج لازمی ہوتا ہے اور اس اقدام کا مقصد مریضوں کیلئے کیموتھرپی کے انتظار کو کم کرنا ہے۔ اس حوالے سے محکمہ صحت کے ناظم نے ہر ضلع کے چیف میڈیکل افسروں اور میڈیکل سپر انٹنڈنٹوںکے نام ایک سرکیولر جاری کیا ہے کہ وہ اپنے اسپتالوں میں کیمو تھرپی کا آغاز کریں۔چیف میڈیکل افسروں اور میڈیکل سپر انٹنڈوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ تربیت یافتہ عملہ فراہم کرنے کے علاوہ غیر متعدی بیماریوں کیلئے مختص نیشنل ہیلتھ مشن کے رقومات کا استعمال کریںتاکہ مریضوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔