۔2017بے مثال عوامی قربانیوں کا سال

   مظفر آباد// حزب سربراہ اور متحدہ جہاد کونسل کے چیر مین سید صلاح الدین نے کہاہے کہ2017ء میں عوام کی بے مثال قربانیوں اورعسکریت پسندوںکی تیر بہدف کاروائیوں کے نتیجے میں تحریک آزادی کشمیرعالمی توجہ کا مرکز بنی رہی۔ متحدہ جہاد کو نسل کے ایک خصو صی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت ایک طرف عالمی برادری کو دھوکہ دینے کیلئے بغیر کسی اخلاص اور سنجیدگی کے مذاکرات کا ڈھونگ رچا رہا ہے وہیں دوسری طرف نہتے کشمیریوں کی جان و مال اور آبرو کو اپنے ظلم اور بربریت کا نشانہ بنانے میں کوئی کسر نہیں رکھ رہا۔بھارت کے تعذیب خانوں میں پابند سلاسل تحریکی قائدین ،کارکناں اور ان کے عزیز و اقارب بد ترین تشدد کا نشانہ بنانے کے ساتھ ساتھ بنیادی حقوق سے محروم ہیں ۔منصوبہ بند پالیسی کے تحت ان کی زندگیوں کو موت سے ہمکنار کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔بہت سارے حریت قائدین جن میں شبیر احمد شاہ، الطاف احمد شاہ، پیر سیف اللہ، ایاز اکبر، راجہ معراج الدین، شاہد اسلام، فاروق احمد ڈاراور ڈاکٹر غلام محمد بٹ سمیت کئی دیگر محبو سین شامل ہیں کئی مہلک امراض میں مبتلا ہونے کے باوجود بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔سید صلاح الدین نے کہا کہ NIA کے ہتھوڑے سے تحریکی قائدین اور کارکناں کے جز بہ حریت کو کم کرنے اور دبانے کی ناکام کوششیں جاری ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اور پاکستانی سفارتی مشنز س کو کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کی طرف عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانے کی بھر پور کو ششیں جاری رکھنی چا ہیں۔انہوں نے اس بات پر حیرت کا اظہار کیا کہ ایک طرف بھارتی جاسوس کو اپنی والدہ اور اہلیہ سے ملاقات کی اجازت دی جاتی ہے لیکن دوسری طرف آزادی پسند حریت رہنما محمد یاسین ملک کو پچھلے تین سال سے اپنی اہلیہ اور معصوم بچی سے ملنے کی اجازت نہیں دی جارہی۔سید صلاح الدین نے محاصروں اور خانہ تلاشیوں کے دوران بھارتی فورسز کی طرف سے عام لوگوں کے گھروںپر حملے ،توڑ پھوڑ اور خواتین کو گولیوں کا نشانہ بنانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے حربے ماضی میں بھی آزما ئے گئے ہیں ،لیکن یہ حربے ناکام ہوچکے ہیں ۔اجلاس کے آخر پر ہفتہ رفتہ کے شہداء اور معروف کمانڈر ،نور محمد ترالی کو زبردست خراج عقیدت ادا کیا گیا اور ان کی بلندی درجات اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی گئی اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ تحریک آزادی کشمیر پوری قوت سے حصول منزل تک جاری رہے گی۔