۔2015کی جاب پالیسی پر نظر ثانی ہوگی

 جموں //ریاستی سرکار نے 2015کی جاب پالیسی منسوخ کرنے کا اشارہ دیا ہے۔سوموار کو قانون ساز کونسل میں بتایا گیا کہ ریاستی سرکار متنازعہ ایس آر او202کو منسوخ کرنے پر غور کررہی ہے جس کے تحت نئی ملازمتیں حاصل کرنے والے ڈیلی ویجروں سے کم تنخواہ وصول کرپائیں گے۔محمد خورشید عالم کی طرف سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں پارلیمانی امور کے وزیر عبدالرحمان ویری نے کہا کہ حکومت اس معاملے پر بڑی سنجیدگی کیساتھ غور کررہی ہے تاکہ متنازعہ ایس آر او 202کو منسوخ کیا جاسکے۔وزیر اعلیٰ کی موجودگی میں ویری نے کہا کہ ریاستی حکومت اس اہم معاملے پر ایک مربوط حکمت عملی مرتب کرنے جارہی ہے تاکہ نئی ملازمتیں حاصل کرنے والے متاثر نہ ہوں۔انکا کہنا تھا کہ انکی تنخواہوں کے حوالے سے کوئی نا انصافی نہیں ہوگی۔خورشید عالم نے حکومت کی توجہ اس جانب مبذول کرائی تھی کہ جن ڈیلی ویجروںکو مستقل کیا جارہا ہے انکی ماہانہ تنخواہ ان نئے ملازمین سے زیادہ ہوگی جو اعلی تعلیم یافتہ ہونگے لیکن ایس آر او 202کی وجہ سے جنہیں پہلے پانچ سال تک بہت کم تنخواہ پر کام کرنا پڑے گا۔