سرینگر// محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروس میں اسامیوں کو پُر کرنے والے امیدواروں نے احتجاج کرتے ہوئے منتخب امیدواروں کی فہرست کو منظر عام پر لانے کا مطالبہ کیاہے۔ وادی کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے امیدواروں نے جمعرات کو پریس کالونی لالچوک میں گورنر انتظامیہ کی طرف سے فائر اینڈ ایمرجنسی محکمہ میں منتخب امیدواروں کی فہرست کو منظر عام پر نہ لانے کے خلاف احتجاج کیا۔ مظاہرین نے پلے کارڑ اٹھا رکھے تھے جن پر’’ہم کیا چاہتے، انصاف، فائر سروس لسٹ کو اجراء کرو‘‘ کے نعرے درج تھے۔ انہوں نے کہا کہ 2013میں محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز میں قریب 7 ہزار امیدواروں نے فائر مین، ڈرائیوروں اور جونیئر اسسٹنٹ اسامیوںکیلئے جسمانی ،تحریری امتحانات میں شرکت کی تاہم 6 برس گزر گئے تاہم ابھی تک لسٹ کا کوئی بھی نام و نشان نہیں ہے۔ایک احتجاجی امیدوار امتیاز احمد نے کہا کہ2015میں بھرتی مہم کو سرکار نے منسوخ کیا اور بعد میں دسمبر2018میں ایک مرتبہ پھر ’’شفافانہ بھرتی عمل‘‘ طریقے سے دونوں امتحانات نئے سرے سے لئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں امید تھی کہ منتخب امیدواروں کا لسٹ جنوری 2019کے پہلے ہفتہ میں منظر عام پر لایا جائے گاتاہم ابھی تک کوئی بھی فہرست اجراء نہیں کی گئی ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر منتخب امیدواروں کے لسٹ کو شائع کیا جائے کیونکہ کئی ایک امیدوار سرکاری نوکری حاصل کرنے کی عمر کی دہلیز پر پہنچ چکے ہیں۔