پونچھ //گزشتہ سات بر س سے زیر سماعت پھاگلہ قتل معاملہ میں زبیر احمد رضا پر مشتمل سیشن عدالت پونچھ نے شواہد کے ناکافی ہونے کی بنیاد پر ملزمان کو بری کردیا۔واضح رہے کہ سرنکوٹ پولیس نے ستمبر 2010میں درج ایف آئی آر نمبر 140میں چار ملزمان ماسٹر محمد اقبال ، خوشحال حسین شاہ ،محمود حسین شاہ ساکنان پٹھانہ تیر مینڈھر اور مسمات خورشید بیگم ساکن پھاگلہ سرنکوٹ کو محمد خورشید ساکن پھاگلہ کے اغوا اور قتل کے الزام میں آر پی سی کی دفعہ 302/364/449وغیرہ کے تحت مقدمہ قائم کیاتھا۔ استغاثہ کے مطابق ملزمہ خورشید بیگم کی اعانت پر دیگر ملزمان نے اس کے شوہر کورات کے وقت گھر سے اغوا کرکے پھاگلہ جنگل میں قتل کرکے مقتول کی نعش کو دریائے سرنکوٹ میں پھینک دیا جہاںسے پولیس نے وقوعہ کے ایک ہفتہ بعد اسے برآمد کرکے ملزمان کے خلاف واقعاتی شواہد اکھٹے کرکے مقدمہ قائم کیاتھا۔ملزمان ماسٹر محمد اقبال ، خوشحال شاہ اور محمود حسین شاہ کی پیروی سینئر ایڈووکیٹ مرتضیٰ احمد خان نے کی جن کی معاونت ایڈووکیٹ دھیرج کور نے کی جبکہ ملزمہ خورشید بیگم کی جانب سے ایس اے منہاس وکیل تھے ۔