۔20روزہ چلۂ خورد تخت نشین

 سرینگر// سردیوں کے بادشاہ 40روزہ چلہ کلان کے اختتام کے بعد20روزہ چلہ خورد تخت نشین ہو گیا ہے۔ سردی کے دوسرے مرحلے کے آغاز پر ہی وادی کے کچھ علاقوں میں ہلکی برفباری اور معمولی بوندا باندی ہوئی جو آج بھی کچھ ایک علاقوں میں ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے ۔سوموار کو شمالی کشمیر کے کچھ بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری اور بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جو شام دیر گئے تک جاری تھا ۔برف باری اور مطلع ابرالود رہنے کے نتیجے میں جہاں رات کے کم سے کم درجہ حرارت میں بہتری دیکھنے کو ملی ہے، وہیں دن کے درجہ حرارت میں گراوٹ آئی ۔بتادیں کہ وادی میں ٹھٹھرتی سردیوں کیلئے مشہور چالیس روزہ چلہ کلان کا دورا قتدار اتوار کے روزختم ہوا اور 20روزہ چلہ خورد تخت نشین ہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سونم لوٹس کے مطابق 31جنوری کی شام اور یکم فروری کو کشمیرمیں بکھرے ہوئے مقامات پر ہلکی بارش یا برفباری کا امکان ہے اور 3فروری کو کافی حد تک ہلکی بارش اور برف باری متوقع ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ مجموعی طور پر، موسم جزوی طور پر ابر آلود رہیگا۔ فروری کے پہلے ہفتے تک زیادہ خراب موسم کی کوئی پیش گوئی نہیں ہے۔منگل کو بھی کچھ ایک علاقوں میں موسم ابرالود رہے گا اور ہلکی برف باری اور بارشیں بھی متوقع ہیں ۔ محکمہ کی پیشگوئی کے عین مطابق شمالی کشمیر کے گلمرگ ، کپوارہ اور وسطی کشمیر کے کنگن علاقوں میں ہلکی برف باری ہوئی ۔کنگن سے غلام نبی رینہ کے مطابق سوموار بعد دوپہر سے سونہ مرگ، زوجیلا، گگن گیر، بالتل، کلن اور گنڈ میںہلکی برفباری کا سلسلہ شروع ہوا جو شام دیر گئے تک جاری تھا ۔اشرف چراغ کے مطابق کپواڑہ ضلع کے بالائی اور میدانی علاقوں میں 4بجے سے بارشوں اور برف باری کا سلسلہ شروع ہوا جو شام دیر گئے تھا ۔کرناہ کی نستہ چھن گلی ، کیرن کی پھرکیاں ٹاپ اور مژھل کی زیڈ گلی پر بارف باری کا سلسلہ جاری تھا ۔ سرینگر میں اتوار اورسوموار کی درمیانی رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.6 ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ رات منفی2.3  تھا۔ گلمرگ میں منفی6.6 ڈگری تھاجو گزشتہ رات منفی 7.4 ریکارڈ کیا گیا تھا۔ پہلگام میں منفی7.0 ڈگری کے مقابلے میں کم سے کم4.8 ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا۔خیال رہے جہاں 21 دسمبر سے شروع ہونے والا 40 دن کا سب سے سخت موسم سرما کا ’چلہ کلاں‘ختم ہو چکا ہے، وہیں آج یعنی یکم فروری سے کشمیر 20 دن طویل’چلہ خورد‘کی گرفت میں رہے گا،جس کے بعد 10 دن طویل ’چلہ بچہ‘ جاری رہے گا،اوریوںیکم مارچ کوموسم سرماعملاًختم ہوجائیگا۔