۔2تحصیلوں کے درمیان تعمیر پل بدحالی کا شکار

 کوٹرنکہ //سب ڈویژن کوٹرنکہ میں درئے انس پر تعمیر کردہ ایک جھولا پل خستہ حال ہونے کی وجہ سے عام لوگوں کو دریا عبور کرتے وقت مسائل کا سامنا کرناپڑتاہے ۔دو تحصیلوں کو آپس میں جوڑنے کیلئے درئے آنس پر تعمیر کردہ کئی دیہات کی عوام کیلئے دریا عبو ر کرنے کا واحد راستہ ہے ۔مکینوں نے بتایاکہ کئی عرصہ قبل تعمیر کردہ پل اب آہستہ آہستہ خستہ حال ہو ناشروع ہو گیا ہے جس کی وجہ سے ایک وسیع آبادی کے متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے ۔مقامی معززین نے بتایا کہ علاقہ کے بزرگ ،سکولوں بچوں کے علاوہ مریضوں اور مویشیوں کے آنے جانے کیلئے بھی مذکورہ پل ہی استعمال ہوتا ہے ۔انہوں نے بتایاکہ پیدل دریا عبور کرنا انتہائی مشکل ہے تاہم اس پل کی مرمت کے سلسلہ میں اس سے قبل بھی کئی مرتبہ متعلقہ حکام سے رابطہ کیا گیالیکن ابھی تک اس کا مرمتی عمل شروع نہیں ہوسکا ۔پنچایتی اراکین نے بتایا کہ 26قبل عوامی مانگ کو دیکھتے ہوئے متعلقہ حکام کی جانب سے اس پل کو تعمیر کیا گیا تھا لیکن اس کے بعد ایک مرتبہ بھی اس کی مرمت نہیں کی جاسکی ۔انہوں نے بتایا کہ پل کی خستہ حالی کی وجہ سے برساتی موسم میں لوگوں کا رابطہ منقطع ہو جاتا ہے ۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ ایک وسیع علاقہ کو آپس میں جوڑنے والے پل کی جلدزجلد مرمت کروائی جائے ۔