پرویز احمد
سرینگر //جموں و کشمیر سرکار نے بدھ کو ڈیوٹی میں کوتاہی کی پاداش میں انچارچ میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ضلع اسپتال کولگام اور انچارچ بلاک میڈیکل آفیسر پانپور کے علاوہ دیگر 2میڈیکل افسروں کو اٹیچ اور معطل کردیا ہے۔ سرکار کی جانب سے جاری کئے گئے حکم ناموں کے مطابق ا نچارچ میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ضلع اسپتال کولگام ڈاکٹر مظفر احمد ذرگر کو فرائض کی انجام دہی میں کوتاہی برتنے پر ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں کے ساتھ منسلک کردیا گیا ہے۔ایڈیشنل چیف سیکریٹری ہیلتھ و میڈیکل ایجوکیشن وویک بھاردواج کی جانب سے جاری کئے گئے حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ اسی طرح ڈاکٹر عاصمہ نذیر انچارج بلاک میڈیکل آفیسر پانپور کو بھی ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے۔حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ ڈاکٹر کے منسلک ہونے کے بعد ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر کو بلال میڈیکل آفیسر کے عہدے پر کسی سینئر ڈاکٹر کو تعینات کرنے کی اجازت ہوگی۔ ڈاکٹر محمود حسین بجاڑ انچارچ میڈیکل سپر انٹنڈنٹ جی ایم سی راجوری کو فرائض کی انجام دہی میں کوتائی کے معاملے کی تحقیقات مکمل ہونے تک معطل کیا گیا ہے۔انچارچ میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ضلع اسپتال پونچھ ڈاکٹر مشتاق حسین شاہ کوجموں و کشمیر سیول سروسز کے رول 31کے تحت معطل کیا گیا ہے اور معطلی کے دوران مذکورہ ڈاکٹر ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں کے ساتھ منسلک رہیں گے۔