۔19 ویں آل انڈیا پولیس بینڈ کمپی ٹیشن کا آغاز

 جموں//گورنر کے مشیر کے وجے کمار نے آج گلشن گراؤنڈ جموں میں جے اینڈ کے پولیس کی طرف سے منعقدہ 19 ویں آل انڈیا پولیس بینڈ کمپی ٹیشن 2018 کاآغاز کیا ۔ ڈی جی پی جے اینڈ کے دلباغ سنگھ ، اے ڈی جی پی امن و قانون و سلامتی منیر خان ، اے ڈی جی پی آرمڈ ارون چودھری ، آئی جی پی جموں ایم کے سنہا ، ریٹائیرڈ اعلیٰ پولیس افسران ، اعلیٰ پولیس ، فوج کے افسران اور سول انتظامیہ کے افسران اس موقعہ پر موجود تھے ۔ 5 فروری سے 9 فروری 2019 تک ملک بھر کی 23 ٹیمیں قومی سطح کے ایونٹ میں حصہ لیں گی ۔ یہ ٹیمیں سنٹرل آرمڈ پولیس فورس اور سٹیٹ پولیس سے تعلق رکھتی ہیں ۔ مشیر موصوف نے اس موقعہ پر ٹیموں کی طرف سے منعقدہ سلامی لی ۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مشیر موصوف نے کہا کہ موسیقی کا ایونٹ کا مشاہدہ کرنا میری زندگی کا ایک اہم موقعہ پے جس میں فورسز سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین خوبصورت وردی پہن کر موسیقی کا ساز پیش کرتے ہوئے نظر آئے ۔ فورسز کے بینڈ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کے وجے کمار نے کہا کہ بینڈ کی وجہ سے نہ صرف فورسز کا حوصلہ بڑھتا ہے بلکہ اُن کے اندر تھکاوٹ دور کرنے کا اہم ذریعہ بنتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فورسز کیلئے بینڈ ہونا ایک زبردست اہمیت کا حامل ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کمپی ٹیشن کے سارے دنوں کے دوران ان ٹیموں کی طرف سے منعقدہ پروگراموں سے لوگ محظوظ ہوں گے ۔ انہوں نے جموں کشمیر پولیس کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے انہیں اس خوبصورت پروگرام میں شریک ہونے کی دعوت دی ۔ ڈی جی پی دلباغ سنگھ نے اپنے خطاب میں مشیر موصوف کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اس پروگرام میں شریک ہونے کی دعوت قبول کی ۔ انہوں نے کہا کہ سنٹرل آرمڈ پولیس فورس کی 7 ٹیمیں اور مختلف سٹیٹ پولیس کی 16 ٹیمیں اس کمپی ٹیشن میں حصہ لیں گی۔ بعد میں شرکاء کو کمپی ٹیشن میں کھیل کود کے جذبے اور ایمانداری سے حصہ لینے کا عہد دلایا گیا ۔ جموں کشمیر پولیس کی ڈئیر ڈیول ٹیم نے بھی اس موقعہ پر اپنا پروگرام پیش کیا ۔