۔1889پنچایتی اسسٹنٹوں کی حتمی فہرست منظور

 سرینگر//جموں و کشمیر سروسز سلیکشن بورڈ ( جے کے ایس ایس بی ) نے اپنی 184 ویں بورڈ میٹنگ میں محکمہ دیہی ترقی اور پنچائتی راج میں اکاؤنٹس اسسٹنٹ ( پنچایت ) کے 1889 اسامیوں کیلئے اہل امیدواروں کے حق میں اضلاع کی حتمی سلیکشن لسٹ مختص کرنے کی منظوری دی ۔ یہ اجلاس جموں و کشمیر سروسز سلیکشن بورڈ کے چیئر مین خالد جہانگیر کی صدارت میں ہوا ۔ مذکورہ اسامیوں کیلئے قریب 1.92 لاکھ امیدواروں نے درخواستیں دی تھیں جس میں سے آخر کار 1.62 لاکھ امیدواروں نے تحریری امتحان میں حصہ لیا ۔ ان اسامیوں کیلئے او ایم آر پر مبنی معروضی نوعیت کا تحریری امتحان 10 نومبر 2020 کو جموں و کشمیر کے تمام اضلاع میں لیا گیا اور بورڈ نے او ایم آر پر مبنی معروضی نوعیت کے تحریری امتحان میں امیدواروں کی کارکردگی پر 25 دسمبر 2020 کو نتیجے کا اعلان کیا تھا ۔ بورڈ نے سلیکشن کمیٹی کے ذریعہ انتخابی عمل کی تیاری اور اس کو حتمی شکل دینے کیلئے تشکیل دئیے گئے کام کی تعریف کو بھی ریکارڈ کیا گیا۔ میٹنگ میں محمد شفیق چک ، نذیر احمد خواجہ ، پریتم لال اتری ، ہروندر کور ، عاشق حسین للی ، پروفیسر تسلیمہ پیر ، جموں و کشمیر سروسز سلیکشن بورڈ کے ممبران ،امتحان کے کنٹرولر اشوک کمار ، سیکریٹری ایس ایس بی سچن جموال ، سپیشل سیکریٹری لاء ایس ایس بی جنگ بہادر ، ایڈیشنل سیکریٹری قانون سہیل مظفر ، ڈپٹی سیکریٹری ونے کھوسلہ اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی ۔