محمد تسکین
بانہال//ادھم پور ضلع میں بارشوں کے باوجود جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حرکت بغیر کسی خلل کے جاری رہی تاہم جموں سرینگر قومی شاہراہ پر واقع سمرولی کے علاقے میں ایک پہاڑی سے پتھر کا ایک بڑا بولڈر سڑک پر گر آیا جس کیوجہ سے فورلین شاہراہ کاایک سڑک (ٹیوب) کئی گھنٹوں تک بند رہا اور دوپہر بعد اس چٹان کو سڑک سے صاف کرکے اسے معمول کے ٹریفک کے قابل بنایا گیا ۔ ٹریفک پولیس حکام نے بتایا کہ سمرولی کے مقام اوپر پہاڑی کی چوٹی سے ایک بڑا پتھر سڑک پر گر آیا اور اس کا ایک ٹیوب بند کر گیا ۔انہوں نے کہا کہ اس دوران ایک ٹیوب سےامرناتھ یاترا سمیت دیگر ٹریفک کی نقل و حرکت بغیر کسی خلل کے جاری رہی۔ حکام کے مطابق ایک دن کے وقفے کے بعد منگل کی صبح جموں سرینگر قومی شاہراہ پرامرناتھ یاترا کو دوبارہ بحال کیا گیا اور بھگوتی نگر جموں کے بیس کیمپ سے ایک ہی قافلے کو بال تل کے راستے پوتر گھپا کی طرف روانہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران منگل کے روز پہلگام کے راستے کسی بھی امرناتھ یاترا ٹریفک کو روانہ نہیں کیا گیا ۔ پولیس حکام نے بتایا کہ منگل کے روز بالتل کے راستے جانے والے امرناتھ قافلے میں کل 69گاڑیاں شامل تھیں جن میں 1873یاتری شامل تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ان یاتریوں میں مرد یاتریوں کی تعداد 1579 ، خواتین یاتری 202 ، ، سادھو 65اور سادھوی 27شامل تھیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران وادی کشمیر سے بھی درشن کے بعد واپس آئے دونوں قافلوں کو بانہال لامبر گراؤنڈ اور چندر کوٹ میں مختصر وقفے کے بعد جموں کی طرف روانہ کیا گیا اور تمام یاترا ٹریفک خوش اسلوبی کے ساتھ منزلوں کی طرف روانہ کیا گیا۔