۔18ما ہ قبل مکمل ہوا گریڈ سٹیشن نونیال نوشہرہ

نوشہرہ //سب ڈویژن نوشہرہ کے نونیال گائوں میں 18ماہ قبل مکمل ہوئے گریڈ سٹیشن سے ابھی تک صارفین کو بجلی سپلائی کرنے کا عمل شروع ہی نہیں کیا جاسکا جس کی وجہ سے ملحقہ علاقہ کے کم از کم 6دیہات کی عوام بجلی میں آئے روز آنے والے خلل کی وجہ سے پریشانیوں کا سامنا کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ تعمیر اتی ایجنسی کی جانب سے اس سٹیشن کو کئی ماہ قبل مکمل کرلیا گیا تھا لیکن ادائیگیوں کو لے کر ابھی تک اس کو متعلقہ شعبہ کے سپردنہیں کیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سٹیشن کو چلائے جانے سے مان پور بھجن، بریلی، گگ روڈو دیگر ملحقہ دیہات میں بجلی کی سپلائی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے ۔عوام نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ دیہات میں معمولی بارش کے بعد بھی سپلائی نظام میں خلل آجاتا ہے تاہم سٹیشن مکمل ہونے کیساتھ ہی ایک امید کی کرن آئی تھی لیکن کئی ماہ سے وہ مسلسل انتظار کررہے ہیں ۔صارفین نے بتایا کہ اب مشینری بھی آہستہ آہستہ زنگ آلودہ ہونا شروع ہو گئی ہے لیکن سپلائی کیلئے اس کو استعمال نہیں کیا جارہا ہے ۔انہوں نے ضلع انتظامیہ راجوری سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ گریڈ سٹیشن کو جلدازجلد چلا کر صارفین کو سہولیات فراہم کی جائیں ۔