۔18اضلاع میں کوئی مثبت نہیں، 2اضلاع میں4کورونا مثبت

پرویز احمد
سرینگر //جموں و کشمیر کے 18اضلاع میں سوموار کو کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے جبکہ دیگر 2اضلاع میں 4افراد کو مثبت قرار دیا گیا ہے۔ متاثرین کی مجموعی تعداد 4لاکھ54ہزار 133ہوگئی ہے۔ اس دوران جموں و کشمیر میں مسلسل24ویں دن بھی کورونا وائرس سے کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 4751بنی ہوئی ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے فراہم کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے14ہزار 113ٹیسٹ کئے گئے جن میں ایک مسافر سمیت مزید 4افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں۔ مثبت قرار دئے گئے 4افراد میں جموں صوبے میں 3جبکہ ایک کشمیر میں مثبت قرار دیا گیا ہے۔ کشمیر صوبے کے 9اضلاع جن میں بارہمولہ ،بڑگام، پلوامہ، کپوارہ، اننت ناگ، بانڈی پورہ، گاندربل، کولگام اور شوپیاں میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے جبکہ ضلع سرینگر میں ایک شخص کو مثبت قرار دیا گیا ہے جو بیرون ریاستوں سے سفر کرکے واپس لوٹا ہے۔ وادی میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2لاکھ 87ہزار 739ہوگئی ہے۔ اس دوران وادی میں مسلسل 66ویں دن بھی کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 2423بنی ہوئی ہے۔ جموں صوبے کے 9اضلاع جن میں ادھمپور، راجوری، ڈوڈہ،کٹھوعہ، سانبہ، کشتواڑ، پونچھ، رام بن اور ریاسی میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے جبکہ ضلع جموں میں 3افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں۔جموں صوبے میں مثبت قرار دئے گئے tتینوں افراد مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ جموں صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد 1لاکھ 66ہزار 374ہوگئی ہے۔ جموں صوبے میں مسلسل 24ویں دن بھی کورونا وائرس سے کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 2328بنی ہوئی ہے۔