۔1500 کروڑ جے ٹی ایف آر پی کی عمل آوری کا جائیزہ

  سرینگر//چیف سیکرٹری بی بی ویاس نے 1500 کروڑ روپے کے جہلم اینڈ توی فلڈ ریکوری پروجیکٹ کی عمل آوری کاجائیزہ لیا۔ عالمی بنک مشن ٹاسک ٹیم لیڈر دیپک سنگھ، صحت طبی تعلیم، صنعت وحرفت، مکانات و شہری ترقی، تعمیرات عامہ کے انتظامی سیکرٹریز سی ای او جے ٹی ایف آر پی کے علاوہ دیگر اعلیٰ افسران میٹنگ میں موجود تھے۔سی ای او جے ٹی ایف آر پی نے میٹنگ کو مطلع کیا کہ پروجیکٹ کی عمل جاری ہے اور مفصل پروجیکٹ کے تمام کمپونینٹس کیلئے جامع رپورٹس کی تیاری اور ٹینڈر طلب کرنے کا عمل پر توجہ مرکوز کی جارہی ہے۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ اس ضمن میں شہر سرینگر کے اندر اور اندر گرد ایس ایم سی کے49 نکاسی آب سٹیشنوں کی توسیع کے کاموں، اعلیٰ صلاحیت والے پمپنگ یونٹوں کے حصول، سرعت رفتار والے پمپنگ یونٹوں اور گندے پانی کا تجزیہ کے آلات حاصل کرنے کیلئے ٹینڈر طلب کئے گئے ہیں ۔ اس کے علاوہ نگرانی کنٹرول اور ڈیٹا کے حصول کے نظام اور مختلف نکاسی آب پروجیکٹوں بشمول ندرو، نوگام۔ بن پورہ، ناز کالونی پانتھہ چوک، دودھ گنگا وغیرہ کے لئے مفصل پروجیکٹ رپورٹ تیار کئے گئے ہیں جو ماہ اکتوبر2017 کو متعلقہ حکام کو پیش کئے جائیں گے۔دوران میٹنگ لل دید اور بون اینڈ جائنٹس ہسپتال ، کمپوزٹ مارکیٹ سینٹر سلک فیکٹری راج باغ اور وولن ملز بمنہ،سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں دستکاری کلسٹروں کی تعمیر، سکولی عمارتوں کی تعمیر، ایس ڈی آر ایف اور فائیر محکمہ وغیرہ کے لئے تلاش و بچاؤ سازو سامان کے حصول کے لئے جاری پروجیکٹوں کا بھی جائیزہ لیا گیا۔پروجیکٹوں کی بروقت تکمیل اور طولت سے بچاؤ کو یقینی بنانے کے لئے چیف سیکرٹری نے پروجیکٹ منیجمنٹ یونٹ اور متعلقہ محکموں کے مابین بہتر تال میل کے قیام پر زور دیا۔ انہوں نے متعلقہ انتظامی سیکرٹریوں کو پروجیکٹ میں حائل کسی بھی رکاوٹ کو فوری طور دور کرنے اور پروجیکٹ کے ہر جُز کی تعمیر وترقی کی نگرانی کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے پروجیکٹ کی عمل آوری کے تمام پہلوؤں کی عمل آوری میں سرعت لانے پر زور دیا تا کہ معین مدت کے اندر ہی پروجیکٹ کے اغراض و مقاصد حاصل کئے جاسکیں۔