۔15 اگست کے موقعہ پر لیفٹینٹ گورنر کی عوام کو مبارکباد | ’جموں وکشمیر کے عوام نے مذہبی بنیادوں پر تقسیم کی کوششوں کو مسترد کردیا‘

سرینگر//15اگست کے موقعہ پر جموں کشمیرکے لیفٹینٹ گورنر منوج سنہا نے عوام کو مبار کباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کو بیرونی ظلم سے نجات دلانے کیلئے ان گنت مجاہدین آزادی نے قربانیاں دی ہیں ۔یہ دن ہمیں ان کی عظیم قربانیوں اور جدوجہد کو یاد کرنے کاموقعہ فراہم کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر ہمیشہ سے ہی بھارت کاسماجی،تہذیبی،روحانی اورسیاسی لحاظ سے اٹوٹ حصہ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں کشمیرمیں ہرمذہب اورروایت کوگلے لگایا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ اس تہذیبی گہوارے کو متعددحملوں کا سامنا کرناپڑالیکن کوئی اس کومٹانے میں کامیاب نہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ مہاتماگاندھی کاعدم تشدد کافلسفہ بھارت کی آزادی کی تحریک کامشعل راہ تھااورعدم تشدد کے یہ اصول جموں کشمیر کے شناخت کے ساتھ مطابقت رکھتے تھے۔انہوں نے کہا کہ ملک کے بٹوارے کے ذمہ دار لوگوں نے اس دھرتی کو بھی مذہبی بنیادوں پر تقسیم کرنے کی کوشش کی لیکن یہاں کے لوگوں نے ان کے نظریے کو ٹھکرادیا۔لیفٹینٹ گورنر نے کہا کہ یہاں کے لوگوں نے تقسیم کے فرقہ وارانہ فسادات سے خود کوالگ رکھا۔انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر نے برگیڈئر راجندرسنگھ،برگیڈئر عثمان جیسے عظیم ہیروپیدا کئے ہیں۔انہوںنے کہا کہ جموں کشمیر کشیپ ریشی کاوطن ہے اور اسی طرح پیغمبر حضرت محمد ؐکی بھی دھرتی ہے۔اس سرزمین نے گورونانک کی میزبانی کی ہے اور یہاں گوتم بدھ کے فلسفے کوبھی جگہ ملی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم جموں کشمیرکی مذہبی مشمولیت سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں اور ہماراعزم ہے کہ اس روایت کو پھر سے فروغ دیں گے اور بااختیار بنائیں گے۔انہوں نے لل دید کابھی ذکر کیااور ان کے واکھوں کو انگریزی میں بیان کیا۔ انہوں نے مزیدکہا کہ تہذیبی یگانگت اور پرامن بقائے باہمی کو فروغ دینے کیلئے جموں کشمیر نے انمول کردار نبھایا ہے  اور یہاں ہندواور مسلمان پر امن طور رہ رہے ہیں اورایک دوسرے کااحترام کرتے ہیں ۔لیفٹینٹ گورنر نے کہاکہ نوجوانوں کی قوت ایک بڑاخزانہ ہے جو تبدیلی لانے کا پیش خیمہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ آزادی کے بعد کچھ غلط فیصلوں کی وجہ سے جموں کشمیرکے لوگوں میں ناراضگی پیدا ہوئی اور وہ باقی سے دور ہوگئے۔ان دوریوں سے خلیج پیدا ہوئی ۔انہوں نے کہا کہ نفرت کی قربان گاہ پر نسلیں برباد ہوگئی ۔انہوں نے کہاکہ سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی نے انسانیت،جمہوریت اور کشمیریت پرزوردیا ۔انہوں نے کہا کہ ہم ترقی ،امن،اورسماجی ہم آہنگی سے بیانیہ کو بدلنا چاہتے ہیں ۔لیفٹینٹ گورنر نے کہا کہ گزشتہ برس کی آئینی تبدیلیوں کے بعد مرکزی حکومت نے خطے میں بدلائو لانے کیلئے پچاس تاریخی فیصلے لئے ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس کے فیصلوں سے ایک نئی صبح کاآغاز ہوا ہے اورحکومت نے اہداف کی تکمیل کیلئے پانچ نشانے مقرر کئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم شفاف انتظامی نظام کو قائم کرنا چاہتے ہیں اور زمینی سطح پرجمہوریت کولیجاناچاہتے ہیں ۔ہم حکومتی اسکیموں کے فواید تمام لوگوں تک پہنچانے کیلئے کوشان ہیں ۔لیفٹینٹ گورنر نے کہا کہ ہم جموں کشمیرمیں ترقی کی رفتار کو تیز کرنا چاہتے ہیں اوراقتصادی ترقی ،روزگار کے مواقع ہماری اولین ترجیح ہے ۔انہوں نے کہا کہ جموں کشمیرمیں انصاف اور برابری کو دھیرے دھیرے بحال کیا جارہا ہے ۔سماجی اوراقتصادی طور کمزور لوگوں کی ریزرویشن کو موثر بنانے کیلئے ایک کمیشن غور کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ رشوت خوری جو گورننس میں ایک رکاوٹ ہے کوجڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ آئین کی 73اور74ویں ترامیم نے زمینی سطح پرجمہوریت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔لیفٹینٹ گورنرنے کہا کہ ہمارمدعاسبھوں کی بہبودی کو یقینی بنانا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنشن کے فوائد7الکھ سے زیادہ لوگوں کو دیئے گئے ہیں ۔خواجہ سرائوں کو بھی باضابطہ پنشن کے فوائد مل رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس متبرک دن پر حکومت کا سب کو صحت بیمہ کے دائرے میں لانے کا منصوبہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ جموں کشمیرمیں سب کو سرکاری منصوبوں اور اسکیموں کا فایدہ ملے.۔انہوں نے کہا کہ ستر سال بعد اب بدلائو شروع ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جموں اورسری نگر کو جدید شہر بنانے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ بجلی کے شعبے پر ہماری توجہ مرکوز ہے ۔انہوں نے مزیدکہا کہ جموں کشمیرکیلئے وزیراعظم کے حالیہ دورے کے دوران ’خودانحصار بھارت‘پروگرام کے تحت ایک بڑاپیکیج اعلان کیا گیا۔لیفٹینٹ گورنر نے کہا کہ کسان جموں کشمیرکی اقتصادیات کی ریڑھ کی ہڈی ہے اوران کی آمدن کو دوگنا کرنے کیلئے اسکیمیوں پر کام ہورہا ہے ۔انہوںنے کہا کہ جموں کشمیر کوسرمایہ کاری کیلئے پرکشش بنانے کیلئے کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ11ہزار اسامیوں کوپورا کرنے کیلئے عمل جاری ہے  اور10ہزار مزیداسامیاں پر کی جائیں گی۔سیاحت کو فروغ دینے کیلئے نئے مقامات کو فروغ دیا جارہا ہے ۔انہوں نے پولیس،نیم فوجی دستوں اور فوج کا شکریہ اداکیا جو ملک کی سالمیت اور یکجہتی کو بنائے رکھنے کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں ۔لیفٹینٹ گورنر نے اجے پنڈتا اور وسیم باری کو بھی خراج عقیدت پیش کیاجنہوں نے ملک کے دفاع کیلئے اپنی جان دی ۔