۔15 اگست تقریبات :جموں،ادہم پور،سانبہ اورکٹھوعہ میں فل ڈریس ریہرسل کااہتمام

 جموں //جموں وکشمیر کی دونوں دارالحکومتوں سری نگر اور جموں میں پیر کے روز سخت ترین حفاظتی حصار میں یوم آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں فل ڈریس ریہرسل کی گئی۔ جموں میں یوم آزادی تقریبات کی فل ڈریس ریہرسل کا انعقاد منی اسٹیڈیم پریڈ میں کیا گیا۔ اس موقع پر ڈویژنل کمشنر سنجیو ورما نے پرچم کشائی کی رسم انجام دی اور پریڈ کی سلامی لی۔ سنجیو ورما نے ریہرسل تقریب کے حاشئے پر نامہ نگاروں کو بتایا کہ یوم آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں انتظامیہ کی طرف سے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا ’یوم آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ متعلقہ ضلع مجسٹریٹ کی طرف سے بہت ہی اچھے انتظامات کئے گئے ہیں۔ یہاں منعقد ہونے والی تقریبات میں بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت متوقع ہے ‘۔ آئی جی پی جموں ایس ڈی سنگھ جموال نے کہا کہ تقریبات کے احسن انعقاد کے لئے سیکورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا ’ہر سال کی طرح اس بار بھی سیکورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔ تمام اہم تنصیبات پر سیکورٹی الرٹ کی گئی ہے۔ مجھے پورا بھروسہ ہے کہ ہر سال کی طرح اس بار بھی یوم آزادی کی تقریبات ایک پرامن ماحول میں اپنے اختتام کو پہنچیں گی‘۔ دریں اثنا ریاست کے دونوں خطوں (کشمیر اور جموں) میں یوم آزادی کی تقریبات کے احسن انعقاد کے لئے سیکورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔ریاست بھر میں تعینات سیکورٹی فورسز کو الرٹ پر رکھا گیا ہے جبکہ سرحدوں پر دراندازی کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنانے کے طور پر فوجیوں کی اضافی نفری کی تعیناتی کے ساتھ ساتھ نگرانی بھی بڑھادی گئی ہے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ یوم آزادی کی تقریبات جہاں جہاں منعقد ہونے والی ہیں، کو چوبیسوں گھنٹے سیکورٹی اہلکاروں کی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔ گشت بھی تیز کردی ہے۔ یوم آزادی کی تقریبات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے وادی کے اطراف واکناف بالخصوص مختلف اضلاع کو گرمائی دارالحکومت کے ساتھ جوڑنے والی سڑکوں پر سیکورٹی فورسز اور ریاستی پولیس کے خصوصی ناکے بٹھائے گئے ہیں جہاں چھوٹی بڑی گاڑیوں کو روک کر ان کی تلاشی لی جاتی ہے اور ان میں سوار مسافروں کی جامہ تلاشی لینے کے علاوہ شناختی کارڈ چیک کئے جاتے ہیں۔ پیر کی صبح سے ہی مختلف اضلاع کو سری نگر سے جوڑنے والی سڑکوں پر تعینات سیکورٹی فورسز اور ریاستی پولیس اہلکاروں کو گاڑیوں اور راہگیروں کی تلاشی لینے میں مصروف دیکھا گیا۔ کئی ایک جگہوں پر چیک پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں۔ سری نگر کے سیول لائنز میں سکریٹریٹ اور بڈشاہ چوک کے نذدیک خصوصی ناکے قائم کئے گئے ہیں جہاں تعینات سیکورٹی فورس اہلکاروں کو گاڑیوں کو روک ان کی تلاشی لیتے ہوئے دیکھے گئے۔ ایسے ہی ناکے مختلف اضلاع کو سری نگر سے جوڑنے والی سڑکوں پر بھی قائم کئے گئے ہیں۔ دوسری جانب یوم آزادی کی تقریبات کے پیش نظر جموں میں بھی انتہائی سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔ اسی طرح جموں صوبہ کے ادھم پور ، کٹھوعہ اور سانبہ اضلاع میں بھی یوم آزادی تقریب کے سلسلے میں فل ڈریس ریہرسل کااہتمام کیاجہاں متعلقہ ڈپٹی کمشنروں نے ترنگے کوسلامی دی۔