۔15اگست کی تقریبات،وادی میں سیکورٹی ہائی الرٹ

 
سرینگر//  15اگست کے پیش نظرسیکورٹی فورسزکو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔امسال بخشی سٹیڈیم کے بجائے کرکٹ سٹیڈیم امر سنگھ کلب سونہ وار میں ترنگا لہرانے کی رسم انجام دی جارہی ہے۔سوموارکو مارچ پاسٹ کی ریہرسل یہاں کی گئی جس کے باعث سٹیڈیم کی طرف ہر قسم کی ٹریفک کی آمد و رفت بند کی گئی جس کے باعث بدترین ٹریفک جام ہوا۔ریاستی پولیس سربراہ ڈاکٹر ایس پی وید کا کہنا ہے کہ پولیس متحرک ہے،جبکہ سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔پوری وادی میں اہم اور حساس تنصیبات پر سیکورٹی کے انتظامات سخت کردئیے گئے ہیں جبکہ سیکورٹی ایجنسیوں کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے ۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق ’’ممکنہ مسلح حملوں کے پیش نظر فورسز کو یہ واضح ہدایت دی گئی ہے کہ کسی بھی گڑھ بڑھ کو روکنے کیلئے آپس میں بہتر تال میل بنائے رکھے‘‘ ۔ سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ 15اگست کے سلسلے میں وادی کشمیر میں منعقد ہونے والی تقریبات کو احسن طریقے سے انجام دینے کیلئے تکونی سیکورٹی حصار قائم کیا گیا ہے۔وادی خاص کر شہر سرینگر میں بٹہ مالو واقعہ کے بعد نجی و مسافر گاڑیوں اور راہگیروں کی جامہ تلاشی کی کارروائیوں میں شدت لائی گئی ہے ۔ جگہ جگہ گاڑیوںکی باریک بینی سے تلاشی لی جارہی ہے جبکہ راہ گیروں سے پوچھ تاچھ کا عمل بھی تیز کردیا گیا ہے ۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل سیکورٹی اور امن و قانون منیر احمد خان کا کہنا ہے’’ 15اگست ہو یا26 جنوری یا اور کوئی بڑا دن جنگجو ہمیشہ اس موقعہ پر حملہ کرنے کی تاک میں رہتے ہیں۔آئی جی سی آر پی ایف سرینگر روی دیپ سہائے کا کہنا ہے کہ جنگجو(بٹہ مالو جھڑپ میں ملوث)15 اگست کے موقعہ پر بڑا حملہ کرنے کے فراق میں تھے۔پولیس حکام کے مطابق گزشتہ روز پیش آئے واقعے کے بعد سیکورٹی ایجنسیاں کسی قسم کا خطرہ نہیں لینا چاہتی ہیں،اور 15اگست کو پرامن رکھنے کیلئے مزید سیکورٹی انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سرینگر میں داخل ہونے والے راستوں  کے علاوہ  چوراہوں پرکئی چیک پوائنٹ قائم کئے گئے ہیں۔معلوم ہوا ہے کہ 15اگست کی تقریب کے پیش نظرسونہ وار اسٹیڈیم سے گزرنے والے راستوںکو 14اگست کی شام سے ہی عام ٹریفک کی آمد ورفت کیلئے بند کیا جائے گا جبکہ 15اگست کے روز کچھ مخصوص گاڑیوں کے علاوہ کسی بھی گاڑی کو سٹیڈیم کے نزدیک جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ 
 

گورنر کیساتھ سیکورٹی افسران کی میٹنگ

اقدامات سے متعلق جانکاری دی گئی

نیوز ڈیسک
 
سری نگر//ڈویژنل کمشنر کشمیر بصیر احمد خان ، اے ڈی جی پی لاء اینڈ آرڈر منیر احمد خان اور آئی جی پی کشمیر ایس پی پانی نے راج بھون میں گورنر  این این ووہرا کے ساتھ ملاقات کی ۔ منیر احمد خان نے گورنر کو  بٹہ مالو میں ملی ٹینسی مخالف آپریشن اور پورے شہر میں کئے جا رہے حفاظتی انتظامات کے بارے میں جانکاری دی ۔ بصیر خان اور ایس پی پانی نے گورنر کو 15 اگست کو منعقد ہونے والی تقریبات کے حوالے سے کئے جا رہے انتظامات کے بارے میں روشناس کرایا۔