۔13لاکھ97ہزا رافراد کی ٹیکہ کاری باقی

سرینگر //چیف سیکریٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتہ نے باقی ماندہ آبادی جنہوں نے ابھی تک کورونا کی ویکسین نہیں لگائی ہے،کو 15اکتوبر تک کووِڈ- 19 ٹیکہ کی پہلی خوراک دینے کی ہدایت دی ہے۔چیف سیکریٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے بلائی گئی میٹنگ کے دوران صوبائی انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ 100فیصد ٹیکہ کاری کو یقینی بنائیں ۔میٹنگ میں بتایا گیا ہے کہ اب تک 1کروڑ 14لاکھ 31ہزار 276افراد کو کورونا مخالف ویکسین دیا گیا ، جن میں79لاکھ 5ہزار 930افراد کی عمر 18سال سے زیادہ ہے جہاں ویکسین کی پہلی خوراک دی گئی ہے جبکہ 35لاکھ 25ہزار 346افراد کو کورونا مخالف ویکسین کے دونوں ڈوز دیئے گئے ہیں اور ابھی بھی 13لاکھ 97ہزار افراد کی ٹیکہ کاری ہونا باقی ہے۔ چیف سیکریٹری نے ضلع انتظامیہ سرینگر کی جانب سے مثبت کیسوں کی شرح 0.89سے 0.19تک کم کرنے کیلئے سراہنا کی ہے۔ چیف سیکریٹری نے ضلع انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ تمام وسائل بروکار لاکر تمام اہل گروپوں کی ٹیکہ کاری کو یقینی بنائیں اور ایک ہفتہ کیلئے گھر گھر ٹیکہ کاری کی مہم کا آغاز کرے، تاکہ 15اکتوبر تک تمام لوگوں کی ٹیکہ کاری کو یقینی بنایا جائے۔ چیف سیکریٹری نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ قواعد و ضوابط  اور ایس او پیز کی عمل آوری کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے اینفورسمنٹ ایجنسیز کو ہدایت دی ہے کہ وہ قواعد و ضوابط اور ایس او پیز کی عمل آوری کو یقینی بنائیں اور خلاف ورزی کرنے والوںپرجرمانہ عائد کریں۔