رام بن //سخت مشقت کے بعد این ڈی آر ایف اہلکاروں نے دریائے چناب سے ٹرک ڈرائیور کی نعش برآمد کرلی ہے ۔واضح رہے کہ اس ماہ کی 12تاریخ کو ٹرک زیر نمبر JK01P-0417سرینگر جاتے ہوئے ڈگی پلی نزد جسوال پل سے دریائے چناب میں جاگرا ۔یہ علاقہ پولیس تھانہ رام بن میں آتاہے ۔واقعہ کے بعد ٹرک کے کنڈیکٹر کو نازک حالت میں بازیاب کرلیاگیا تاہم ڈرائیور محمد شفیع ولد غلام محمد ساکن قاضی گنڈ ضلع اننت ناگ کاکچھ بھی پتہ نہ چلا اور وہ دریائے کی موجوں میں کہیں لاپتہ ہوگیا۔ابتداء میں پولیس نے مقامی رضاکاروں کی مدد سے بچائو آپریشن شروع کیا لیکن وہ ڈرائیور کا کوئی پتہ لگانے میں ناکام رہے ۔بعد میں پولیس اور ضلع انتظامیہ کی اپیل پر فوج کے غوطہ خوروں کی مدد بھی لی گئی لیکن پھر بھی ڈرائیور کا پتہ نہ چل پایا۔بالآخر دہلی اور سرینگر سے این ڈی آر ایف اہلکاروں کی ایک ٹیم کو طلب کیاگیا جس نے سخت مشقت کے بعد ڈرائیور کی نعش برآمد کرلی ۔اس دوران اہلکاروں نے ڈرائیور کی نعش کو ٹرک کے کیبن سے باہر نکال کر حکام کے حوالے کیا جبکہ ٹرک کو بھی کرین کی مدد سے باہر نکال لیاگیا ۔