۔12سے 14سال کے بچوں کی ٹیکہ کا ری کا آغاز

سرینگر // وادی میں بھی بدھ کو 12سے 14سال کے بچوں کیلئے ٹیکہ کاری کا آغاز ہوا۔ ٹیکہ کاری مہم کی شروعات گرلز ہائرسیکنڈری سکول راج باغ میں ایڈیشنل کمشنر کشمیر عابد حسین اور ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر مشتاق احمد راتھر نے ایک 14سالہ لڑکی کو ویکسین دے کر کیا ۔ مہم کی افتتاح کرتے ہوئے ڈاکٹر راتھر نے کہا ’’جموں و کشمیر میں 5لاکھ 99ہزار 700 بچوں کو کورونا مخالف Cobervexویکسین دینا ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں 3لاکھ 36ہزار 758بچوں کو ویکیسن دیا جائے گا اور اس کیلئے ہر ضلع میں پہلے سے قائم بوتھوں پر بچوں کیلئے بھی ویکسین دستیاب ہوگی۔ انہوں نے کہا ’’انہوں نے کہا کہ بچوں کو 28دنوں کے دوران ویکسین کے دو ڈوز لینے ہیں اور اس کیلئے ہر ضلع، ہر بلاک اورپرائمری ہیلتھ سینٹروں پر بھی ویکسین دینے کی سہولیات دستیاب رکھی ہے۔ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز نے کہا کہ دوسری اور تیسری لہر کو بہترین طریقے سے شکست دی ہے جس میں تمام متعلقین کا کافی اہم رول رہا ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی وباء کی تین لہروں کو ہرانے میں ڈاکٹروں اور طبی عملہ، اور دیگر لوگوں نے اہم رول ادا کیا ہے اور مستقبل میں وائرس سے بچنے کیلئے  ٹیکہ کاری اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے وادی میں سکول کھولے ہیں لیکن سکول کھولنے کے ساتھ ساتھ تمام سکولوں کو ایس او پیز پر عمل کرنے کی ہدایت کے علاوہ اب ویکسین بھی دے رہے ہیں۔

 

 

جموں کشمیر میں کورونا سے صرف17متاثر

۔ 16اضلاع میں کوئی کیس نہیں

پرویز احمد 
 
سرینگر // بدھ کو جموں و کشمیر کے 16اضلاع میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے ۔ پچھلے 24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے 37ہزار 5ٹیسٹ کئے گئے جن میں 2مسافروں سمیت مزید 17افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں۔ جموں و کشمیر میں متاثرین کی مجموعی تعداد 4لاکھ 53ہزار 476ہوگئی ہے۔ اس دوران جموں و کشمیر میں مسلسل تیسرے دن بھی کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 4750بنی ہوئی ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے فراہم کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق جموں و کشمیر میں17افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں جن میں جموں میں8جبکہ کشمیر سے 9متاثرین کی تعلق ہے۔ کشمیر کے 8اضلاع  جن میں بارہمولہ، پلوامہ ،کپوارہ، اننت ناگ ، بانڈی پورہ، گاندربل، کولگام اور شوپیان میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے جبکہ دیگر 2اضلاع میں 9افراد کو مثبت قرار دیا گیا ۔  مثبت قرار دئے گئے 9افراد میں 2بیرون ریاستوں سے سفر کرکے کشمیر پہنچے جبکہ دیگر 7مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔کشمیر کے 9متاثرین میں سب سے زیادہ 8کا تعلق سرینگر جبکہ ایک بڈگام سے ہے۔ اس دوران کشمیر میں مسلسل 22ویں دن بھی کورونا وائرس سے کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ وادی میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2423بنی ہوئی ہے۔ جموں صوبے کے  ادھمپور، راجوری، کٹھوعہ، سانبہ، کشتواڑ، پونچھ، رام بن اور ریاسی میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے جبکہ دیگر 2اضلاع میں 8افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں۔ جموں صوبے میں مثبت قرار دئے گئے سبھی 8افراد مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ جموں صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد 1لاکھ 66ہزار 194ہوگئی ہے۔ اس دوران جموں صوبے میں مسلسل تیسرے دن بھی کورونا وائرس سے کسی کی موت نہیں ہوئی ہے ۔ متوفین کی مجموعی تعداد 2327بنی ہوئی ہے۔