۔11600عازمین حج کیلئے انتظامات مکمل

سرینگر//وادی میں مناسک حج کے لئے کئے جارہے انتظامات کاجائزہ لینے کے لئے صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے صوبہ کشمیر کے تمام ضلع ترقیاتی کمشنروں کو اپنے متعلقہ اضلاع میں عازمین حج کے لئے احسن اور بلا خلل انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔حج2019کے سلسلے میں انتظامات کا ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جائزہ لیا گیا۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ اس سال ریاست سے11600عازمین حج کی سعادت حاصل کررہے ہیں۔میٹنگ میں بتایاگیا کہ عازمین حج کا پہلا قافلہ 4جولائی کو سعودی عربیہ کے لئے روانہ ہوگا اورعازمین کی روانگی29جولائی تک جاری رہے گی۔سرینگر ہوائی اڈے سے کل 70اُڑانیں روانہ ہوں گی اورہر طیارے میں 150 عازمین کی گنجائش ہوگی ۔تمام عازمین کے لئے روانگی سے4گھنٹے پہلے حج ہائوس بمنہ پہنچنا لازمی ہے تاکہ روانگی کے لئے ضروری لوازمات پورا کئے جاسکیں۔انتظامات کاجائزہ لینے کے دوران صوبائی کمشنر نے پی ڈی ڈی کو اضافی جنریٹر نصب کرنے کی ہدایت دی تاکہ حج ہائوس میں بجلی کی بلا خلل سپلائی یقینی بن سکے۔انہوںنے حج ہائوس میں پینے کے پانی اور صفائی ستھرائی کے علاوہ طبی سہولیات کی دستیاب کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت دی۔جب کہ ایس آرٹی سی کو عازمین کے لئے حج ہائوس سے ائر پورٹ تک پہنچانے کی خاطر ہائی اینڈ بسوں کا انتظام کرنے پر زوردیا گیا ۔