۔115پنڈت کنبوں کی وادی سے جموں منتقلی

نئی دہلی//حکومت نے بدھ کو کہا کہ115پنڈت کنبوں کی حال ہی میں کشمیر سے جموں نقل مکانی ’’حکام کی نقل وحرکت‘‘اوروادی میں تعلیمی اداروں میں سرمائی تعطیلات کاحصہ ہے۔وزات داخلہ کے وزیرمملکت نتیانند رائے نے ایک سوال کے جواب میں راجیہ سبھاکو بتایا کہ اکتوبر2021میں تقریباً115پنڈت کنبے  جن میں اکثربچے اور خواتین شامل ہیں،وادی سے جموں چلے گئے۔یہ کنبے سرکاری ملازمین کے تھے، جن میں سے اکثر سرما میں دربار مواوراسکولوں میںسرمائی تعطیلات کی وجہ سے جموں جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر حکومت کی ایک موجودہ اسکیم کے تحت عسکریت پسندی سے متعلق تشدد میں ہلاک ہونے والے شہریوں کے لواحقین کو ایک لاکھ روپے کی ایکس گریشیا ادا کی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ "سٹیٹک گارڈز کی شکل میں گروپ سیکورٹی کے علاوہ، دہشت گردوں کے خلاف فعال کارروائیوں کے علاوہ، اقلیتوں کے رہنے والے علاقوں میں دن رات علاقے کا تسلط اور گشت کیا جا رہا ہے۔