جموں//ہند پاک کشیدگی کے دوران پیر کے روز ہندوستانی جیلوں میں بند 11پاکستانی قیدیوں کو رہا کر کے ان کے وطن روانہ کر دیا گیا ، ان میں سے 4قیدی جموں کی جیل میں بند تھے۔جیلوں میں سزا مکمل کرنے کے بعد ان قیدیوں کو واہگہ بارڈر سے پاکستانی حکام کے سپرد کر دیا گیا۔رہا کئے جانے والے پاکستانی قیدیوں میں محمد جاوید، محمد ساجد، ذاکر علی، رشی مہندر کمار، مسعود اختر، مرتضیٰ عاقب، آصف خان، قاری محمد، شوکت علی، رشید احمد اور سیف اللہ شامل ہیں۔ ان میں سے 4قیدی جموں کشمیر، 3راجستھان،2پنجاب اور ایک ایک ہریانہ ودہلی کی جیل میں بند تھا۔ ان میں سے بیشتر افراد غیر ارادی طور پر سرحد عبور کر کے ہندوستان کے زیر انتظام علاقہ میں گھس آئے تھے اور یہاں انہیں عدالتوں نے مختلف دفعات کے تحت سزائیںسنائی تھیں۔ سزا پوری کرنے اور پاکستانی ہائی کمیشن دہلی کی طرف سے ان کی تصدیق کئے جانے کے بعد رہائی عمل میں لائی گئی ہے۔