۔11برسوں سے 2ٹیچر زونل ایجوکیشن آفیسر کے دفتر میں اٹیچ

 مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے ایجوکیشن زونل بالاکوٹ کے دو سرکاری سکولوں میں تعینات 2ٹیچر سرکاری حکم کی دھجیاں اڑا کر گزشتہ 11برسوں سے زونل ایجوکیشن آفیسر بالا کوٹ کیساتھ ہی اٹیچ کئے گئے ہیں جس کی وجہ سے مذکورہ سرکاری سکولوں میں تعلیمی نظام بُری طرح سے متاثر ہورہا تھا ۔اس غیر قانونی عمل کو دیکھتے ہوئے مقامی لوگوں کے ایک وفد نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے رجوع کیا ۔حسرت خان کی قیادت والے وفد نے گزشتہ دنوں ضلع ترقیاتی کمشنر کے پاس اپنی شکایت درج کرواتے ہوئے کہاکہ دونوں ٹیچروں کو مبینہ طورپر آفیسران کی ملی بھگت سے زونل ایجوکیشن آفیسر کے دفتر کیساتھ برسوں سے اٹیچ رکھا گیا ہے جس کی وجہ سے سکولوں میں تعلیمی نظام متاثر ہورہا ہے ۔عوامی شکایت پر ضلع ترقیاتی کمشنر نے تحصیلدار بالا کو ٹ کو معاملہ کی تحقیقات کے سلسلہ میں تحریری طور پر ہدایت دی جس کے بعد نائب تحصیلدار بالا کوٹ نے دونوں سرکاری سکولوں کیساتھ ساتھ زونل ایجوکیشن آفیسر بالاکوٹ کے دفتر کا اچانک معائینہ کیا ۔اس دوران سکولوں کے ریکارڈ میں دونوں ٹیچروں کیلئے تحریری طورپر زونل ایجوکیشن آفیسر کے دفتر میں تعیناتی کے بارے میں تحریر کیا گیا تھا جبکہ نائب تحصیلدار نے دونوں ٹیچروں کو زونل ایجوکیشن آفیسر کے دفتر میں ہی پایا ۔اس سلسلہ میں متعلقہ زونل ایجوکیشن آفیسر نے بتایا کہ دونوں ٹیچر اپنے ذاتی کاموں کیلئے دفتر میں آئے ہوئے تھے جبکہ انہوں نے اٹیچ منٹوں کے سلسلہ میں کوئی معقول جواب نہیں دیا ۔دوسری جانب مقامی لوگوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ متعلقہ زونل ایجوکیشن آفیسر و دیگر آفیسران اور ملازمین کی ملی بھگت سے دونوں ٹیچروں کو غیر قانونی طورپر 11برسوں سے مذکورہ دفتر میں ہی اٹیچ رکھا گیا ہے ۔اس پورے معاملے کے سلسلہ میں نائب تحصیلدار اور تحصیلدار بالاکوٹ نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کو اپنی رپورٹ روانہ کر دی ہے جو اس سلسلہ میں حتمی کارروائی کریں گے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ بالاکوٹ زون میں تعلیمی نظام کو معیاری بنانے کیلئے اس طرح کی مزید کارروائیاں عمل میں لائی جائیں ۔