۔102سالہ ٹی بی ہسپتال کی عمارت خستہ حالی کا شکار

 پونچھ//گورنمنٹ ٹی بی ہسپتال پونچھ کی عمارت ٹوٹ پھوٹ کا شکارہے۔اس عمارت کے کمروں کی دیواروں میں دراڑیں پڑنے لگی ہیںجبکہ چھٹ بھی خستہ حالی کا شکار ہے۔اگر چہ انتظامیہ کی جانب سے رنگ روغن کے ذریعہ عمارت کی خستہ گی کو چھپانے کی عرصہ دراز سے کوشش کی جا رہی ہے لیکن عمار ت کی خستہ حالی میں لگا تار اضافہ ہو تا جارہا ہے ۔ہسپتال کی عمارت اس قدر خستہ حال ہے کہ یہاں پرآنے والے مریضوں وہاں کھڑے رہنے میں بھی خوف محسوس کرتے ہیں۔ہسپتال میںعلاج معالجہ کے لئے آنے مریضوں کو شدید مشکلات کاسامنا کرناپڑتا ہے۔ اس سلسلہ میں جب چیف میڈیکل افسرو پونچھ ممتاز احمدبھٹی سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ سرکاری ٹی بی ہسپتال میں تعینات سٹاف ، ادویات ، بیڈز، ایمبولینس اور ماہر ڈاکٹر سب کچھ تسلی بخش ہے۔انہوں نے کہا کہ جہاں تک ہسپتال کی عمارت کی بات ہے تو یہ عمارت 102سالہ پرانی عمارت ہے جسے رانی سمروہی نے تعمیر کروائی تھا۔انہوں نے کہا کہ1966سے اس عمارت میں ٹی بی ہسپتال قائم ہے عمارت چونکہ بہت پرانی ہو چکی ہے اس وجہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے اس عمارت کی ساتھ ساتھ مرمت کروائی جاتی رہی ہے لیکن2005میں آئے زلزلے نے بھی اس عمارت کو نقصان پہنچایا تھا ۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے ضلع ترقیاتی کمشنرپونچھ راہول یادوسے عمارت کی خستگی کے سلسلہ میں بات کی گئی تھی جس کے بعد انہوں نے خود بھی دورہ کر کے عمارت کا جائزہ لیا اور انہوں نے محکمہ تعمیرات عامہ کو ہدایات دی ہیںکہ وہ منصوبہ تیار کریں تاکہ اس عمارت کی جدید تعمیرات کروائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں دو الگ الگ منصوبے تیار کئے جا رہے ہیں جن میں سے ایک منصوبہ عمارت کی مرمت کا  ہے تو دوسرا عمارت کی جدید تعمیرات کا۔ انہوں اُمید ظاہر کی کہ جلد ہی منصوبہ کو منظوری دی جائے گی جس کے بعد اس عمارت کی جگہ نئی عمارت تعمیر کروائی جائے گی۔