۔100اسٹریٹ لائٹیس اور5نکاسی آب کے پمپوں کی تنصیب | سوپور قصبے کی ترقی کیلئے 40لاکھ روپے کی رقم منظور

سوپور//سوپور میں نئے ترقیاتی کاموں اور ایک سو اسٹریٹ لائٹوں کی تنصیب کیلئے شہری بلدیاتی اداروں کے ڈائریکٹرنے اپنی پہلی میٹنگ میں چالیس لاکھ روپے کی منظوری دی ہے ۔ڈاک بنگلہ سوپورمیں شہری بلدیاتی اداروں کے ڈائریکٹرریاض احمدنے بدھ وار کونئے منتخب ہوئے میونسپل کونسل ممبران کے ساتھ ایک میٹنگ کی ۔اس دوران قصبے کی ترقی سے متعلق کئی اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیاگیا۔اس موقعہ پر کونسلروں نے قصبے میں بیت الخلائوں سے متعلق مسائل،اسٹریٹ لائٹوں کے ناکارہ ہونے ،چھاپڑی فروشوں کی بازآباد کاری اورقصبے کے کوڑاکرکٹ اور گندگی کوٹھکانے لگانے کیلئے مناسب جگہ کی عدم دستیابی کواُجاگر کیا۔شہری ترقیاتی اداروں کے ڈائریکٹر نے اس موقعہ پر انہیں یقین دلایا کہ قصبے کوجاذب نظر بنانے کیلئے ہرممکن امداد دی جائے گی ۔انہوں نے موقعہ پر ہی قصبے کی ترقی اورایک سو اسٹریٹ لائٹوں کی تنصیب کیلئے چالیس لاکھ روپے کی رقم واگزار کرنے کو منظوری دی۔اس دوران ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے کونسلر مسرت کار اور عرفان علی نے کہاکہ یہ ابتدائی حصولیابی ہے اورشہری ترقیاتی اداروں کے ناظم نے قصبے کی ترقی کیلئے 40لاکھ روپے منظور کئے ۔انہوں نے کہا کہ قصبے کی ترقی کیلئے مزید منصوبے زیرغور ہیں اور عنقریب سوپور ایک ترقی یافتہ قصبہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ قصبے میں آب جمع ہونے کا مسئلہ دردتکلیف دہ بن چکاہے اوراس کیلئے پانچ نکاسی آب کے پمپوں کی تنصیب کو منظوری دی گئی تاکہ لوگوں کو اس مصیبت سے نجات مل پائے۔