۔1کمرے پر مشتمل پرائمری سکول تکھ دھراٹی

مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے تعلیمی زون بالاکوٹ کے زیر تحت آنے والے گور نمنٹ پرائمری سکول تکھ دھراٹی میں بچوں کے بیٹھنے کیلئے جگہ ہی دستیاب نہیں ہے جس کی وجہ سے بچوں کیساتھ ساتھ سٹاف ممبران بھی مشکلات کا سامنا کررہے ہیں ۔اس پرائمری سکول میں پانچ جماعتوں کے 40سے زائد بچے زیر تعلیم ہیں جبکہ ان کو تعلیم فراہم کرنے کیلئے 4ٹیچر بھی تعینات کئے گئے ہیں ۔ان بچوں اور ٹیچروں کے بیٹھنے کیساتھ ساتھ سکولی ریکارڈ رکھنے کیلئے محض ایک کمرہ موجود ہے جبکہ مڈڈے میل کیلئے ایک عارضی کیچن بنائی گئی ہے ۔والدین نے بتایا کہ سکول میں پانی کا کوئی بندوبست نہیں ہے جس کی وجہ سے ٹائلٹ کمپلیکس نا قابل استعمال ہو گیا ہے ۔والدین نے محکمہ ایجوکیشن پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ حد متارکہ کے قریبی علاقوں میں قائم کردہ سرکاری سکولو ں میں بنیادی سہولیا ت ہی فراہم نہیں کی گئی ہیں جس کی وجہ سے ان کے بچوں کو مستقبل تاریک ہوتا جارہا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ حدمتارکہ کے قریب قائم کردہ سکول میں بنیادی ڈھانچے کیساتھ ساتھ دیگر سہولیات دستیاب کروائی جائیں ۔