۔ 58.59لاکھ افراد رعایتی راشن سے مستفید :عبدالحق

 جموں//دیہی ترقی اور قانون و انصاف کے وزیر عبدالحق خان نے قانون ساز اسمبلی میںجانکاری دی کہ حکومت ریاست کے 58.59لاکھ افراد کو رعایتی نرخوں پر راشن فراہم رکر رہی ہے ۔ان میں سے 2075170کشمیر خطے جبکہ 3784020جموں سے تعلق رکھتے ہیں۔خوراک و امور صارفین کے وزیر کے بدلے عبدالمجید پڈر کے سوال کا جواب دیتے ہوئے عبدالحق نے کہا کہ نور آباد حلقے کے 78678افراد کو راشن کارڈوں پر مفتی محمد سعید فوڈ انٹائٹلمنٹ سکیم کے تحت راشن فراہم کیا جاتا ہے۔انہوںنے کہا کہ اسی طرح نور آباد کے 16947کنبوں کو رعایتی نرخوں پر راشن کارڈوں پر تیل خاکی فراہم کیا جاتا ہے ۔وزیر نے کہا کہ خوراک اور عوامی تقسیم کاری کی مرکزی وزارت نے اپریل 2017ءسے پی ڈی ایس کھانڈ پر سے سبسڈی ہٹا دی ہے ۔ انہوںنے مزید کہا کہ ریاستی حکومت نے پی ایچ ایچ کے تحت بی پی ایچ زمر ے کے صارفین کو پی ڈی ایس کھانڈ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ این پی ایچ ایچ زمرے کو رعایتی نرخوں پر کھانڈ مہیا کرانے کا کوئی بھی منصوبہ نہیں ہے۔اس موقعہ پر ایم وائی تاریگامی، راجا منظور ، میاں الطاف ، ایڈوکیٹ بی اے ڈار، انجینئر شیخ عبدالرشید اور پون گپتا نے ضمنات پوچھے اور اپنے اپنے حلقوں میں راشن ، کھانڈ اور تیل خاکی کی قلت کا معاملہ ابھارا۔ انہوں نے اے پی ایل کنبوں کو بھی پچھلی روایات کے مطابق کھانڈ مہیا کرانے کا مطالبہ کیا۔