اشفاق سعید
سرینگر // وادی میں آتشزدگی کے واقعات میں ہر گزرتے وقت کے ساتھ اضافہ ہوتا جا رہا ہے جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ رواں سال کے جنوری ،فروری اور مارچ کے 3ماہ کے دوران آگ کی ہولناک وارداتوں کے دوران املاک کو35کروڑ 72لاکھ 26ہزارروپے کا نقصان پہنچا ہے ۔ محکمہ فائر اینڈ ایمر جنسی کے اعدادوشمار کے مطابق وادی میں ان وارداتوں سے متعلق محکمہ کو کل 665فون کالز موصول ہوئیں جس میں 660کالزآگ لگنے کی تھیں اور 5کالزجعلی تھیں۔ ان واقعات میں انسانی جانوں کو کوئی نقصان نہیں ہوا البتہ10 مویشی بھی ہلاک ہوئے ان وارداتوں میں کل525ڈھانچے متاثر ہوئے۔ جن میں 99دکانیں، 11شاپنگ کمپلیکس ، 8 گا ڑ یا ں ،39بجلی ٹرانسفارمراور10 جنگلاتی علاقے اور نرسریاں بھی آگ لگنے سے تباہ ہوئے۔ آگ کی وارداتوں کے دوران3ارب 13کروڑ 6لاکھ کی املاک زد میں آئی جس میں سے35کروڑ 72لاکھ روپے کی املاک کو نقصان پہنچا اور2ارب 70کروڑ 3لاکھ 4ہزار (27734.12)روپے کی املاک کوبچا لیا گیا ۔10 اضلاع کی تفصیل دیتے ہوئے کہاگیا کہ سرینگر میں 140ڈھانچے متاثر ہوئے جس میں 10دکانیں، 5شاپنگ کمپلیکس، 1گاڑی ، 4جنگلاتی علاقے شامل ہیں ۔ ضلع میں کل 20274.94 لاکھ کی املاک زد میں آئی جس میں سے 170.58کو نقصان پہنچا جبکہ 18670.36کو بچالیا گیا ۔ ضلع بڈگام میں آگ کی وارداتوں کے دوران 23ڈھانچے تباہ ہوئے ۔جن میں 2دکانیں ،3 شاپنگ مال اور2ٹرانسفارمر شامل ہیں۔محکمہ نے بتایا کہ ضلع میں آگ کی وارداتوں کے دوران 611.75 لاکھ روپے کی املاک زد میں آئی، 80.45 لاکھ روپے کی املاک کو نقصان پہنچا اور 531.30 لاکھ روپے کی املاک کو بچا لیا گیا ۔کشمیر عظمیٰ کے پاس موجود دستاویزات کے مطابق اننت ناگ میں آگ کی وجہ سے 50ڈھانچے زد میں آئے۔ ضلع میں 16دکانیں اور شاپنگ مال، 5بجلی ٹرانسفارمر خاکستر ہوئے۔ضلع میں کل 4168.49لاکھ روپے کی املاک زد میں آئی ، 827.12لاکھ روپے کی امکاک کو نقصان پہنچا جبکہ 3341.37 لاکھ روپے کی املاک کو بچا لیا گیا ۔کپوارہ میں ان 3ماہ کے دوران 73ڈھانچے متاثر ہوئے ۔ 18دکانیں، 6بجلی ٹرانسفارمر تباہ ہوئے ۔ضلع میں کل 33..85 لاکھ روپے کی املاک زد میں آئی جس میں سے 177.17 لاکھ روپے کی املاک تباہ ہوئی اور 754.68لاکھ کی املاک کو بچا لیا گیا ۔پلوامہ ضلع میں2 جانیں ضائع ہوئیں، 34ڈھانچے متاثر ہوئے جس میں سے 11دکانیں اور شاپنگ مال، 1گاڑی ،1بجلی ٹرانسفارمرایک نرسری شامل ہے ۔شوپیاں ضلع میں 4جانیںتلف ہوئیں، 22ڈھانچے متاثر ہوئے، جن میں5 دکانیں اور شاپنگ مال،2بجلی ٹرانسفارمر اور 1نرسری شامل ہے ۔محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروس کے ا عداد وشمار کے مطابق گاندربل ضلع میں30ڈھانچے اس کی زد میںآئے ، جن میں 5دکانیں ،2بجلی ٹرانسفارمر شامل ہیں۔بارہمولہ ضلع میں84 ڈھانچے زد میں آئے جس میں 28دکانیں 3گاڑیاں، 3بجلی ٹرانسفارمراور تین جنگلات شامل ہیں ۔کولگام ضلع میں 4جانیں ضائع ہوئیں، 25ڈھانچے زد میں آئے ، 4دکانیں،1گاڑی اور 4بجلی ٹرانسفارمر خاکستر ہوئے۔ ضلع بانڈی پورہ میں 44ڈھانچے زد میںآئے ۔جس میں سے 3دکانیں اور شاپنگ مال،1گاڑی شامل ہیں۔محکمہ نے بتایا کہ کل آگ کی وادراتوں کے دوران 31306.38روپے کی املاک زد میں آئی جس میں سے 3572.26کی املاک کو نقصان پہنچا اور 27734.12کی املاک کو بچالیا گیا ۔