۔ 26جنوری کی تقریب پر لوگوں اور گاڑیوں کی باریک بینی سے تلاشی

سرینگر//26جنوری کے سلسلے میں وادی کشمیر میں سب سے بڑی تقریب ہائی سیکورٹی زون سونہ وار میں شیر کشمیر اسٹیڈیم میں منعقد ہوگی۔سرینگر میں 26جنور ی کی تقریب ائرپورٹ روڑ پر واقع بخشی اسٹیڈیم میں منعقد کی جاتی ہے، تاہم وہاں مرمت کا کام جاری ہونے کی وجہ سے اس تقریب کو امسال شیر کشمیر اسٹیڈیم سونہ وار میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس دوران سری نگر میں شیر کشمیر اسٹیڈیم کی طرف جانے والی سڑک کو منگل کے روز سرکاری طور پر گاڑیوں کی آمدورفت کے لئے بند کردیا گیا۔ کشمیری علیحدگی پسند قیادت سید علی گیلانی، میرواعظ مولوی عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے 26جنوری کو یوم سیاہ قرار دیتے ہوئے اس دن کے موقع پر پہلے ہی مکمل ہڑتال کی کال دے رکھی ہے۔ دریں اثنا سرینگر میںتقریبات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے اور جنگجوو¿ں کے کسی بھی منصوبے کو ناکام بنانے کے لئے فورسز نے گاڑیوں اور راہگیروں کی تلاشی لینے کا سلسلہ مزید تیز کردیا ہے۔ فورسز اور ریاستی پولیس اہلکاروں کی جانب سے شہر اور اس کے مضافات میں مختلف مقامات پر ناکے بٹھائے گئے ہیں جہاں گاڑیوں ، مسافروں اور راہگیروں کی تلاشیاں لی جارہی ہیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اگرچہ جنگجوو¿ں کی جانب سے حملوں کی منصوبہ بندی کے بارے میں کوئی مصدقہ اطلاع نہیں ہے تاہم فورسز 26جنوری کی تقریبات کے پیش نظر کوئی چانس نہیں لینا چاہتے ہیں۔ شیر کشمیر اسٹیڈیم میںمذکورہ تقریب کے احسن انعقاد کے لئے اس کے گرد ونواح میں سیکورٹی کا سخت بندوبست کیا گیا ہے۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے شیر کشمیر اسٹیڈیم کے گردونواح میں ریاستی پولیس اور نیم فوجی دستوں کی نفری کو تعینات کیا گیا ہے۔ جبکہ پولیس انتظامیہ نے مشتبہ نقل وحرکت پر نظر رکھنے کے لئے نئے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے ہیں۔ سرینگر میں کئی ایک حساس مقامات پر مشتبہ افراد کی نقل وحرکت پر قریبی نگاہ رکھنے کے لئے بلٹ پروف گاڑیاں تعینات کردی گئی ہیں۔ سرکاری ذرائع نے یو این آئی کو بتایا کہ اگرچہ وادی کشمیر میں سیکورٹی فورسز پہلے سے ہی الرٹ پر ہیں تاہم سوپور میں حالیہ آئی ای ڈی دھماکے کے پیش نظر مختلف سیکورٹی ایجنسیوں کے فیلڈ کمانڈروں کو اپنے اپنے علاقوں میں صورتحال پر قریبی نگاہ رکھنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔