سرینگر//نگین جھیل میں دوران شب آگ کی ایک پُراسرارواردات میں 2ہائوس بوٹ خاکسترہوگئے ۔معلوم ہواکہ رات کے لگ بھگ ایک بجے شہرکے صدرہ بل علاقہ کے متصل نگین جھیل میں کھڑے ایک ہائوس بوٹ میں آگ نمودارہوئی ۔مقامی لوگوں نے بتایاکہ پونیکس نامی ہائوس بوٹ میں لگی آگ نے جلدہی نزدیک واقع پرزم نامی ہائوس بوٹ کوبھی اپنی لپیٹ میں لے لیا،جسکے نتیجے میں دیودارکی لکڑی سے بنائے گئے دونوں قیمتی ہائوس بوٹوں سے شعلے بھڑکنے لگے ۔اس دوران پولیس کی ٹیم ،فائرسروسزکے اہلکاراورمقامی لوگ یہاں جمع ہوئے اورانہوں نے شعلے کی نذرہورہے ہائوس بوٹوں میں لگی آگ پرقابوپانے کی کارروائی شروع کردی ۔لیکن تمام ترکوششوں کے باوجودآگ پرفوری طورقابونہیں پایاجاسکا۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ نگین جھیل میں رونماہوئی آگ کی اس پُراسرارواردات کے نتیجے میں حاجی غلام نبی بکتو اورمحمدیوسف بکتوکے ہائوس بوٹ اوران میں موجودساراسامان خاکسترہوگیا۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ ہائوس بوٹ میں آگ نمودارہونے کی وجہ بجلی شارٹ سرکٹ بتایاجاتاہے تاہم کیس درج کرکے اصل حقائق کاپتہ لگانے کیلئے تحقیقات شروع کردی گئی ۔
۔ 2ہائوس بوٹ خاکستر | نگین جھیل میں آگ کی پراسرار واردات
