سرینگر// ضلع کولگام میں سرکار کی جانب سے تعمیر کی گئی ایک واٹر سپلائی اسکیم 9سال بعد مکمل ہونے کے صرف سات روز بعد ناکارہ ہوئی ہے جس کی وجہ سے زرر کثیر خرچ کرنے کے باوجود لوگوں کو طرح طرح کے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ ضلع کے کھوری بٹ پورہ میں سرکار نے ایک واٹر سپلائی اسکیم پرسال2012پر کام شروع کیا ہے جو قریب9سال بعد مکمل ہوئی اور نومبر2020 میں مکمل ہونے کے بعد عوام کے نام وقف کی گئی ہے ۔علاقے سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے بتایا کہ 7روز تک ہزاروں نفوس پر مشتمل آبادی کو پانی فراہم کیا گیا جس پر مقامی لوگوں نے خوشی کا اظہار کیا تاہم ان کی خوشی زیادہ دیر تک ٹک نہ سکی اور سات روز بعد پانی کی سپلائی رک گئی ۔لوگوں نے بتایا کہ جب انہوں نے اس حوالے سے متعلقہ محکمہ کے افسران سے رابط قائم کیا تو معلوم ہوا کہ سکیم بے کار ہوئی ہے ۔ اس اسکیم پر1ایک کروڑ96لاکھ روپے کا خرچہ آیا تاکہ کھوری بٹ پورہ ،باگبل، بنگواڑ ،درد پاڑن،رنگ ڈبہ،ٹھوکر پورہ،شگنورہ،شیخ ناگن پورہ،بن گام ،حلقہ کھوری بٹ پورہ اورحلقہ کھل وغیرہ کی آبادی کو صاف پانی فراہم ہو جائے ۔لوگوں نے بتایا کہ صاف پانی کی عدم دستیابی کے باعث لوگ ندی نالوں کا مضر صحت پانی استعمال کرنے پرمجبور ہو رہے ہیں ۔ اس حوالے سے اگر چہ چیف انجینئر جل شکتی کشمیر سے کئی بار فون پر بات کرنے کی کوشش کی گئی تاہم ان کے ساتھ رابطہ نہیں ہو سکا ۔ کے این ایس