۔ 16 واں پولیس یادگاری فُٹ بال ٹورنا منٹ : جموں وکشمیر بنک نے جیت درج کر لی

سرینگر//گورنر این این ووہرا نے ٹورسٹ رسیپشن گراؤنڈ میں کھیلے گئے 16 ویں جے اینڈ کے پولیس یادگاری فُٹ بال ٹورنا منٹ کے فائنل میچ کا مشاہدہ کیا ۔ اس مقابلے میں ریاست کی 34 ٹیموں نے حصہ لیا ۔ مشاہدہ کرنے والوں میں پولیس کے سربراہ ڈاکٹر ایس پی وید و جموں کشمیر بنک کے چئیر مین پرویز احمد ، پولیس اور جموں کشمیر سپورٹس کونسل اور جے اینڈ کے فُٹ بال ایسوسی ایشن کے ارکان کے علاوہ کافی تعداد میں شایقین اس موقعہ پر موجود تھے ۔ سٹیڈیم پہنچنے پر گورنر نے جموں کشمیر مارٹئیرز گیلری کا دورہ کیا اورمارے گئے اہلکاروں کو خراجِ عقیدت ادا کیا ۔ گورنر نے جیتنے والی اور رنر اپ ٹیموں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جموں کشمیر میں کافی بہترین کھلاڑی موجود ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تا ہم ان کھلاڑیوں کو بہتر مواقعے اور سہولیات بہم پہنچانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ریاست کا سپورٹس محکمہ اور سپورٹس کونسل باہمی اشتراک سے کام کر کے اعلیٰ معیار کے بنیادی ڈھانچے کے قیام کو یقینی بنائیں گے اور وہ پورے سال ٹورنامنٹوں کا انعقاد کرنے کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کی معیاری کوچنگ کو بھی یقینی بنائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ مناسب سہولیات اور پُر امن ماحول کی بدولت ریاست میں قومی اور بین الاقوامی سطح کے کھلاڑی پیدا ہوں گے ۔ گورنر نے کامیاب ٹورنامنٹ کے انعقاد اور نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا موقعہ فراہم کرانے کیلئے جموں کشمیر پولیس کی ستائش کی ۔ جیتنے والی ٹیم میں سے نردوش کول کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا ۔