جموں //حکومت نے ریاست میں تعلیمی سیکٹر کو دوام بخشنے کے لئے 400سکولوں کا درجہ بڑھانے اور 16نئے ڈگری کالج قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔یہ جانکاری وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری نے ایک نجی سکول کے سالانہ دن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 200 ہائی سکولوں کو ہائر سکینڈری سطح تک جبکہ 200 مڈل سکولوں کو ہائی سکول سطح تک بڑھاوا دیا جائے گاتاکہ بچوں کو حصول تعلیم کیلئے دور دور کی مسافتیں طے نہ کرنا پڑے۔وزیر نے جانکاری دی کہ حکومت مختلف علاقوںمیں 16 نئے ڈگری کالج قائم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی اہم تحصیل ابھی بھی اعلیٰ تعلیم کی سہولیت سے محروم ہیں اور وہاں یہ سہولیت بہم کرائی جارہی ہے۔وزیر نے کہا کہ پچھلی دہائیوں کے دوران تعلیم کے شعبیٔ کو کافی نقصان ہوا ہے تا ہم تدریسی عملے نے مشکلات کے دور میں بھی شعبۂ تعلیم کو تقویت بخشنے میں اہم رول ادا کیا ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی قیادت والی حکومت اس سیکٹر کو آگے لے جانے کے لئے پُر عزم ہے۔وزیر نے نجی تعلیمی اداروں کی ایسوسی ایشن سے کہا کہ وہ عملے کی تعیناتی، اساتذہ کی تنخواہوں اور دیگر امور کے حوالے سے وضع کئے گئے راہ نما خطوط پر سختی سے عمل کریں۔اس موقعہ پر نظام الدین بٹ نے بھی خطاب کیا اور اساتذہ کے رول کو اُجاگر کیا۔سیکرٹری تعلیم فاروق احمد شاہ نے اُن اصلاحاتی اقدامات کا خاکہ پیش کیا جو محکمہ کی طرف سے کچھ عرصے سے اُٹھائے جارہے ہیں۔