۔فوجی سربراہ کا گورنر اور وزیرا علیٰ سے تبادلہ خیال

 سرینگر //فوج کے سربراہ جنرل بِپن راوت نے ریاستی گورنر این این ووہرا اور وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے ساتھ ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ نے فوجی سربراہ کے ساتھ مختلف سلامتی معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔جنرل راوت نے وزیر اعلیٰ کو ریاست کے سرحدی علاقوں کی حفاظتی صورتحال کے بارے میں جانکاری دی۔جنرل بِپن راوت نے راج بھون میں گورنر این این ووہرا کے ساتھ ملاقات کی۔انہوں نے کل شام اننت ناگ میں یاتریوں پر ہوئے حملے کے بارے میں گورنر سے تبادلہ خیال کیا۔اس کے علاوہ انہوں نے اندرونی سلامتی اور دہشت گردانہ سرگرمیوں سے موثر طور نمٹنے جیسے امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔دریں اثناء وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ اور مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ ہنس راج اہیر نے شام یہاں وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے ساتھ ملاقات کی۔ملاقات کے دوران مرکزی وزراء نے کل اننت ناگ میں ایک حملہ میں سات یاتریوں کے مارے جانے پر رنج و غم کا اظہار کیا اور غمزدہ خاندانوں کے ساتھ تعزیت ظاہر کی۔دونوں مرکزی وزراء نے ریاست میں قیام امن اور یاترا کے پُر امن انعقاد کے لئے وزیر اعلیٰ مرکز کی جانب سے ہر ممکن مدد کا یقین دلایا۔