۔آئی پی سی ایس سکالر شپ فارم بھرنے کی تاریخ میں 3 ستمبر تک توسیع

بانہال // ریاست جموں وکشمیر میں محکمہ سماجی بہبود یا سوشل ویلفیئر کی طرف سے جموں کشمیر سٹیٹ چائلڈ پروٹیکشن سوسائٹی کے تحت غریب اور یتیم بچوں کی فلاح و بہبود اور تحفظ کے لئے سکالرشپ کیلئے فارم بھرنے کی تاریخ میں توسیع کی گئی ہے اور اب یہ تاریخ 14 اگست سے بڑھا کر 03 ستمبر 2018 تک بڑھا دی گئی ہے۔ ریاست جموں وکشمیر میں محکمہ سماجی بہبود کے تحت غریب سے غریب تر بچوں اور یتیم اور نادار بچوں کی دیکھ بال اور تحفظ کے لئے ریاست جموں و کشمیر کے مشن ڈائریکٹر آف انٹریگیٹیڈ چائلڈ پروٹیکشن سکیم (ICPS) کی طرف سے غریب والدین کو اطلاع دی گئی ہے کہ وہ اپنے بچوں کی رجسٹریشن کے لئے محکمہ کے متعلقہ ضلع چائیلڈ پروٹیکشن یونٹس میں ضروری کاغذی لوازمات سمیت اپنی درخواستیں جمع کریں۔ یہ درخواستیں 18 سال سے کم عمر کے سکول جانے یا نہ جانے والے ایک غریب کنبے کے دو بچوں کے لئے جمع کی جا سکتی ہیں اور انہیں ماہانہ سکالرشپ دی جائے گی۔ اس فارم کو تمام کاغذی لوازمات سمیت داخل کرنے کی آخری تاریخ اب  14 اگست 2018 سے بڑھا کر 03 ستمبر 2018 تک کر دی گئی ہے۔ غریب ترین بچوں کے علاوہ اس سکیم کے تحت ستم رسیدہ والدین کے غریب اور یتیم بچوں کومزید مراعات کے ساتھ ترجیح دی جائے گی جن میں ایسے بچے جن کی پرورش کسی بے سہارا طلاق شدہ یا بیوہ عورت کے ذمہ ہو۔ ایسے بچے جن کے والدین HIV یا کوڑھ یا کسی مہلک جان لیوا مرض میں مبتلا ہوں۔ ایسے بچے جن کے والدین یا کوئی ایک جیل میں مقید ہوں۔ ایسے یتیم بچے جو وسیع کنبہ یا خاندان کے زیر پرورش ہوں اور ایسے بچے جن کے بے بس والدین جو  قدرتی یا حادثاتی طور اپنے بچوں کی پرورش اور تحفظ کرنے کے لائق ہی نہیں ہوں کو ترجیح دی جائے گی۔ بانہال میں سماج کے کمتر طبقوں کی فلاح کیلئے کام کرنے والی سماجی انجمن سوشل ویلفیئر ایسوسی ایشن بانہال یا ثواب نے فارم بھرنے کی تاریخ 03 ستمبر تک بڑھانے کیلئے مشن ڈائریکٹرجموں وکشمیر غلام احمد صوفی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاریخ میں توسیع سے اْن غریب اور مفلس بچوں کے فارم بھرنے میں مدد ملے گی جو ابھی تک متعدد وجوہات کی وجہ سے کاغذی لوازمات خصوصاً سٹیٹ سبجیکٹ نہیں بنا پائے ہیں۔ انہوں نے اس کاوش کیلئے مشن ڈائریکٹر کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔ اس سلسلے میں مشن ڈائریکٹر انٹریگیٹیڈ چائلڈ پروٹیکشن سکیم برائے جموں و کشمیر غلام احمد صوفی نے آج شام کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آئی سی پی ایس کے تحت فارم بھرنے کی آخری تاریخ کو 03 ستمبر تک بڑھا دیا گیا ہے اور کسی وجہ سے فارم بھرنے سے رہ جانے والے مستحق بچوں کیلئے ایک بڑا اور نادر موقع ہے۔ انہوں نے عوام الناس سے  اپیل کی ہے کہ وہ مختلف وجوہات اور مجبوریوں کی وجہ سے ہمارے سماج میں بچہ مزدوری میں پھنسے بچوں کو باہر نکلالنے میں چائلڈ پروٹیکشن محکمہ کی مدد کریں تاکہ وہ بھی اس سکیم سے فائدہ اٹھاکر اچھی اور سکون بھری زندگی بسر کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ سماجی بہبود کا چائلڈ پروٹیکشن عوام کی ہر ممکن مدد کیلئے تیار ہے اور اس کیلئے عوام کا تعاون بہت ضروری ہے۔