نیوز ڈیسک
سرینگر//ڈویژنل انتظامیہ کشمیر نے یکم اکتوبر کو سیب کے ٹرکوں کی نقل و حرکت کے حوالے سے شائع ہونے والی خبروں کی تردید کی۔ڈویژنل انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قاضی گنڈ ٹول پلازہ پر قومی شاہراہ کے جمع کردہ اعداد و شمار کے مطابق شاہراہ کے ذریعے 1 ستمبر سے 30 ستمبر 2022 تک 51,306 ٹرک بشمول 33,105 سیب لے جانے والے ٹرک قاضی گنڈ سے ملک کے دوسرے حصوں میں منتقل ہوئے ہیں۔ قاضی گنڈ میں درماندہ سبھی ٹرک 26 ستمبر 2022 کوچھوڑ دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وادی کشمیر سے ملک کے دیگر حصوں میں سیب کے ٹرکوں کا یومیہ بہائو صرف 1100 سیب کے ٹرک ہیں جو اس سے زیادہ نہیں ہے۔ روزانہ 2000 یا 2500 سیب کے ٹرک کے اعداد و شمار جیسا کہ مفاد پرستوں کی طرف سے دعوی کیا جا رہا ہے، صحیح نہیں ہے۔24 ستمبر سے 30 ستمبر تک پتھرگرنے کے باعث شاہراہ 35 گھنٹے 5 منٹ تک بند رہی جبکہ مرمتی کاموں کے لیے 17 گھنٹے 31 منٹ تک بند رہی۔