کنگن// بجلی ٹرانسفارمر کی خرابی پر ناراض لوگوں نے یچھہامہ کنگن میں محکمہ بجلی کیخلاف دھرنادے کرٹریفک کی نقل وحمل کوروک دیا ، ادھر شالہ بگ لاوے محلہ گاندربل کا بجلی ٹرانسفامر پندرہ دنوں سے خراب ہونے کی وجہ سے علاقہ گُھُپ اندھیرے میں ہے۔بجلی کی عدم دستیابی کے خلاف یچھہامہ کنگن میں لوگوں نے سرینگر سونہ مرگ شاہراہ پر محکمہ بجلی کے خلاف احتجاجی دھرنا دیکر گاڑیوں کی آمد رفت بند کردی جس کے نتیجے میں اسکولی بچوں، مریضوں اور مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔احتجاجی لوگوں کا کہنا تھا کہ ان کی بستی کا بجلی ٹرانسفارمر گزشتہ پندرہ روز سے خراب ہے جس کو محکمہ نے مرمت کے لیے گاندربل ورک شاب لیالیکن بجلی ٹرانسفارمر کو ابھی تک مرمت کرکے واپس نہیں لایا گیا جس کی وجہ سے بستی گھپ اندھیرے میں ہے۔اس دوران کنگن پولیس نے موقعہ پر پہنچ کر احتجاجیوں کو یقین دلایا کہ اُن کابجلی ٹرانسفارمر جلد ہی مرمت کرکے لایا جائے گا جس کے بعد احتجاجی پُر امن طور منتشر ہوگئے اور شاہراہ پر دوبارہ ٹریفک بحال ہوگیا۔ادھرگاندربل سے ملحقہ علاقہ شالہ بگ کے لاوے محلہ کا بجلی ٹرانسفارمربھی پندرہ روز قبل خراب ہونے کی وجہ سے مقامی آبادی کومشکلات کاسامناہے۔مقامی آبادی کے مطابق شالہ بگ کے لاوے محلہ میں نصب بجلی ٹرانسفارمر پندرہ روز قبل خراب ہوا،جسے محکمہ کے اہلکاروں نے مرمت کیلئے ورکشاپ لیالیکن پندرہ دن گزرنے کے باوجود بھی مذکورہ علاقے کا ٹرانسفارمر مت کرکے واپس نہیں لایاگیا۔مقامی لوگوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اُن کا ٹرانسفارمرفوری طور مرمت کرکے واپس لایاجائے۔