کمپالا// یوگنڈا کے ضلع مکونو میں وکٹوریہ جھیل میں ہفتہ کی تاخیر شب پیش آئے کشتی حادثے میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 35 ہو گئی ہے ۔ اس حادثے میں کئی دیگر زخمی بھی ہوئے ہیں۔پولیس ذرائع نے اتوار کو 35 لوگوں کی موت کی تصدیق کی تھی۔ مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق افریقہ کی سب سے بڑی جھیل وکٹوریہ میں تقریباً 120 لوگوں کو لے جا رہی کشتی، موسم خراب ہونے کی وجہ سے ہفتہ کے روز مقامی وقت کے مطابق تقریباً سات بجے غرقاب ہوگئی۔سینئر پولیس افسر محترمہ جراہ گنیانا نے بتایا کہ کشتی کی حالت خراب تھی اور کشتی کچھ عرصے سے جھیل کے کنارے کھڑی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشتی چلانے والوں کے پاس کوئی درست لائسنس نہیں تھا۔محترمہ گنیانا نے کہا کہ بچاؤ اور راحت کا کام جاری ہے ۔یوگنڈا پولیس آپریشن کے ڈائریکٹر اسومن موگنئی نے بتایا کہ لاشیں باہر نکالنے کا کام مسلسل جاری ہے ۔ اب تک 27 لوگوں کو بچا لیا گیا ہے ۔دارالحکومت کمپالا کے قریب ضلع مکونو کے متیما سے کچھ فاصلے پر کشتی ڈوبنے سے پہلے اس میں پارٹی چل رہی تھی اور لوگ موسیقی کیدھنوں پر تھرک رہے تھے ۔مسٹر موگنئی نے کہا کشتی میں گنجائش سے زیادہ مسافروں کے سوار ہونے اور خراب موسم کے سبب حادثے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کشتی کے تکنیکی نظام میں خرابی کے شبہ بھی ظاہر کیا ہے ۔ مقامی سرکاری افسر رچرڈ ککونگو نے ایک بڑے طوفان اور موسم خراب ہونے کے سبب بھی کشتی کے حادثے کا شکار ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے ۔مسٹر ککونگو نے کہا کہ ڈوبنے والوں میں بڑی تعداد مسافر وں کی ہے ۔ دو چھوٹی کشتیوں میں سوار ماہی گیروں نے دیکھا تھا کہ کشتی ڈوب رہی ہے اور لوگ مدد کے لئے چلا رہے تھے ۔ لوگوں نے کشتی سے کودنے کی کوشش کی لیکن وہ بہت زیادہ تھے اور انھیں بچایا نہیں جا سکا۔ مرنے والوں میں بچانے والے بھی شامل ہیں۔حکومت نے اس کشتی حادثے کی تحقیقات کے لئے وزیر اعظم روھاکانا روگنڈا کی قیادت میں ایک ٹیم تشکیل دی ہے ۔واضح رہے کہ یوگنڈا کی جھیلوں میں چلنے والی کشتیوں میں گنجائش سے زیادہ لوگوں کے سوار ہونے اور تیز ہواؤں کی وجہ سے اس طرح کے حادثے ہوتے رہتے ہیں۔یو این آئی